وَمَا أَنتُم بِمُعْجِزِينَ فِي الْأَرْضِ وَلَا فِي السَّمَاءِ ۖ وَمَا لَكُم مِّن دُونِ اللَّهِ مِن وَلِيٍّ وَلَا نَصِيرٍ
اور تم اللہ کو نہ زمین میں ہراسکتے ہو اور نہ آسمان میں اور اللہ کے سوا تمہارا کوئی یارومددگار نہیں ہے
﴿ وَمَا أَنتُم بِمُعْجِزِينَ فِي الْأَرْضِ وَلَا فِي السَّمَاءِ ﴾” اور تم اس کو زمین میں عاجز کرسکتے ہو نہ آسمان میں۔“ یعنی اے جھٹلانے والے لوگو جو گناہوں کے ارتکاب کی جسارت کرتے ہو! یہ نہ سمجھو کہ اللہ تعالیٰ تم سے غافل ہے یا تم زمین و آسمان میں اللہ تعالیٰ کو عاجز کرسکوگے۔ تمہاری قدرت واختیار تمہیں دھوکے میں نہ ڈالے۔ تمہارے نفس نے جن امورکومزین کر کے اللہ تعالیٰ کے عذاب سے نجات کے بارے میں تمہیں فریب میں مبتلا کر رکھا ہے وہ تمہیں دھوکے میں نہ رکھیں۔ کائنات کے تمام گوشوں میں تم اللہ تعالیٰ کو عاجز نہ کرسکو گے۔﴿ وَمَا لَكُم مِّن دُونِ اللّٰـهِ مِن وَلِيٍّ﴾” اور نہ اللہ تعالیٰ کے سوا تمہارا کوئی دوست ہے۔“ جو تمہارے سرپرستی کرے اور تمہیں تمہارے دینی اور دنیاوی مصالح حاصل ہوں۔﴿ وَلَا نَصِيرٍ﴾” اور نہ کوئی مددگار“ جو تمہاری مدد کرے اور تمہاری تکالیف کو دور کرے۔