سورة النمل - آیت 57

فَأَنجَيْنَاهُ وَأَهْلَهُ إِلَّا امْرَأَتَهُ قَدَّرْنَاهَا مِنَ الْغَابِرِينَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

پس ہم نے اہیں اور ان کے گھر والوں کو بچا لیا، سوائے ان کی بیوی کے جس کے لیے ہم نے پیچھے رہنے والوں کے ساتھ رہ جانا مقدر کردیا تھا۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿فَأَنجَيْنَاهُ وَأَهْلَهُ إِلَّا امْرَأَتَهُ كَانَتْ مِنَ الْغَابِرِينَ﴾ ” پس ہم نے ان کو اور ان کے گھر والوں کو نجات دی مگر ان کی بیوی کہ اس کی نسبت ہم نے مقرر کر رکھا تھا کہ وہ پیچھے رہنے والوں میں سے ہوگی۔‘‘ اور یہ اس وقت کی بات ہے جب مہمانوں کی شکل میں فرشتے لو ط علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہوئے اور آپ کی قوم کو ان خوبصورت مہمانوں کی آمد کے بارے میں معلوم ہوا تو وہ برائی کے ارداے سے لوط علیہ السلام کے پاس آئے لوط علیہ السلام نے دروازہ بند کرلیا اور ان پر معاملہ بہت شدت اختیار کر گیا پھر فرشتوں نے لوط علیہ السلام کو صورت حال سے آگاہ کیا اور انہیں بتایا کہ وہ انہیں ان سے بچانے اور ان بدکاروں کو ہلاک کرنے آئے ہیں اور ان کی ہلاکت کے لئے صبح کا وقت مقررہ کیا گیا ہے انہوں نے لوط علیہ السلام سے کہا کہ وہ اپنی بیوی کے سوا تمام گھرو الوں کو لے کر راتوں رات یہاں سے نکل جائیں کیونکہ ان کی بیوی پر بھی وہی عذاب نازل ہونے والا ہے جو بستی والوں پر نازل ہوگا لوط علیہ السلام اپنے گھر والوں کو لے کر راتوں رات بستی سے نکل گئے اور بچ گئے اور صبح ہوتے ہی یک دم عذاب نے بستی کو آلیا۔