سورة الفرقان - آیت 65
وَالَّذِينَ يَقُولُونَ رَبَّنَا اصْرِفْ عَنَّا عَذَابَ جَهَنَّمَ ۖ إِنَّ عَذَابَهَا كَانَ غَرَامًا
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
اور جو دعا مانگتے ہیں کہ اے ہمارے رب ! ہم سے جہنم کے عذاب کو ٹال دے، بیشک اس کا عذاب ہمیشہ کے لیے جان کو لگ جانے والا ہے۔
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
﴿ وَالَّذِينَ يَقُولُونَ رَبَّنَا اصْرِفْ عَنَّا عَذَابَ جَهَنَّمَ ﴾ ” اور وہ جو دعا مانگتے ہیں کہ اے ہمارے رب ! دوزخ کے عذاب کو ہم سے دور رکھ۔“ یعنی اسباب عصمت کے ذریعے سے اور ہمارے ان گناہوں کو بخش کر جو موجب عذاب ہیں، ہم سے جہنم کے عذاب کو دور فرمایا۔ ﴿إِنَّ عَذَابَهَا كَانَ غَرَامًا ﴾ ” بے شک اس کا عذاب بڑی تکلیف کی چیز ہے۔“ یعنی جہنم کا عذاب جہنمیوں سے چپک جائے گا۔ جیسے قرض خواہ مقروض سے چپک جاتا ہے۔