ذَٰلِكَ بِأَنَّ اللَّهَ هُوَ الْحَقُّ وَأَنَّهُ يُحْيِي الْمَوْتَىٰ وَأَنَّهُ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ
یہ دلیل ہے اس بات کی اللہ برحق (٤) ہے اور وہ بیشک مردوں کو زندہ کرے گا اور وہ ہر چیز پر قادر ہے۔
﴿ذٰلِكَ﴾ یہ سب کچھ یعنی آدمی کا اس طرح پیدا کرنا جو اللہ نے بیان کیا اور زمین کو اس کے مردہ ہوجانے کے بعد زندہ کرنا، اس لئے ہے کہ ﴿بِأَنَّ اللّٰـهَ هُوَ الْحَقُّ﴾ ” اللہ، وہی حق ہے۔“ یعنی وہی رب معبود ہے اس کے سوا کوئی ہستی عبادت کے لائق نہیں، اسی کی عبادت حق ہے اور اس کے سوا کسی دوسرے کی عبادت باطل ہے ﴿وَأَنَّهُ يُحْيِي الْمَوْتَىٰ﴾ ” اور وہ زندہ کرے گا مردوں کو۔“ جس طرح اس نے ابتداءً تخلیق کی اور جس طرح اس نے زمین کو اس کے مردہ ہوجانے کے بعد زندہ کیا ﴿وَأَنَّهُ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ﴾ ” بے شک اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔“ جیسا کہ اس نے اپنی بدیع قدرت اور عظیم صنعت کا تمہیں مشاہدہ کروایا۔