سورة الأنبياء - آیت 27
لَا يَسْبِقُونَهُ بِالْقَوْلِ وَهُم بِأَمْرِهِ يَعْمَلُونَ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
وہ اس سے پہلے (اپنی طرف سے) کوئی بات نہیں کرتے ہیں اور اسکے حکم کے مطابق عمل کرتے ہیں۔
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
﴿لَا يَسْبِقُونَهُ بِالْقَوْلِ ﴾ تدبیر مملکت کے متعلق اس وقت تک کوئی بات نہیں کرتے جب تک کہ اللہ تعالیٰ ارشاد نہ فرمائے کیونکہ وہ اللہ تعالیٰ کے حضور کامل طور پر مؤدب اور اللہ تعالیٰ کے کمال و حکمت سے پوری طرح آگاہ ہیں ﴿ وَهُم بِأَمْرِهِ يَعْمَلُونَ ﴾ وہ انہیں جو بھی حکم دیتا ہے وہ اس کی تعمیل کرتے ہیں اور جس کام پر انہیں لگاتا ہے وہ اسے سر انجام دیتے ہیں، وہ لمحہ بھر کے لئے اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کرتے ہیں نہ وہ اللہ تعالیٰ کے حکم کو نظر انداز کر کے اپنی خواہشات نفس کے پیچھے لگتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ کے علم نے ان کا احاطہ کر رکھا ہے۔