وَمَن يَعْمَلْ مِنَ الصَّالِحَاتِ وَهُوَ مُؤْمِنٌ فَلَا يَخَافُ ظُلْمًا وَلَا هَضْمًا
اور جو نیک اعمال (٤٦) کرے گا درآنحالیکہ وہ مومن ہوگا، اسے کسی ظلم و زیادتی اور کسی نقصان کا خطرہ نہیں ہوگا۔
(2) وہ لوگ جو ان امور پر ایمان لائے جن پر ایمان لانے کے لئے ان کو حکم دیا گیا، نیک عمل کرتے رہے یعنی واجبات و مستحبات پر عمل پیرا رہے۔ ﴿فَلَا يَخَافُ ظُلْمًا﴾ ” پس اسے ظلم کا خوف نہیں ہوگا۔“ یعنی اس کی اصل بد اعمالیوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا ﴿وَلَا هَضْمًا ﴾ ”اور نہ حق تلفی کا۔“ یعنی نہ اس کی نیکیوں میں کمی کی جائے گی بلکہ اس کے گناہوں کو بخش دیا جائے گا اس کے عیوب کو پاک کردیا جائے گا اور اس کی نیکیوں میں کئی گنا اضافہ کردیا جائے گا۔ فرمایا ﴿ وَإِن تَكُ حَسَنَةً يُضَاعِفْهَا وَيُؤْتِ مِن لَّدُنْهُ أَجْرًا عَظِيمًا﴾ (النساء : 4؍40) ”اگر کوئی نیکی ہوگی تو وہ اسے دو گنا کردے گا اور اپنی طرف سے بہت بڑا اجر عطا کرے گا۔ “