فَإِن زَلَلْتُم مِّن بَعْدِ مَا جَاءَتْكُمُ الْبَيِّنَاتُ فَاعْلَمُوا أَنَّ اللَّهَ عَزِيزٌ حَكِيمٌ
پس اگر تم لوگ، اپنے پاس کھلی نشانیاں آجانے کے بعد بھی، (راہ حق سے) پھسل (299) جاؤ گے تو یقین جانو کہ اللہ بڑا زبردست بڑی حکمتوں والا ہے
چونکہ بندے سے ہمیشہ کوتاہی اور لغزش واقع ہوتی رہتی ہے اس لئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا : ﴿ فَاِنْ زَلَلْتُمْ﴾” اگر تم پھسل جاؤ۔“ یعنی اگر تم سے کوئی لغزش ہوجائے اور تم گناہ میں پڑجاؤ ﴿ مِّنْۢ بَعْدِ مَا جَاۗءَتْکُمُ الْبَیِّنٰتُ﴾” احکام روشن پہنچ جانے کے بعد“ یعنی علم اور یقین ہوجانے کے بعد﴿’ فَاعْلَمُوْٓا اَنَّ اللّٰہَ عَزِیْزٌ حَکِیْمٌ﴾ ’’ تو جان لو کہ اللہ غالب حکمت والا ہے۔ “ اس آیت میں نہایت سخت و عید اور تخویف ہے جو لغزشوں کو ترک کرنے کی موجب ہے، کیونکہ جب نافرمان لوگ اس غالب اور حکمت والی ہستی کی نافرمانی کرتے ہیں تو وہ نہایت قوت کے ساتھ ان کو پکڑتی ہے اور اپنی حکمت کے تقاضے کے مطابق ان کو سزا دیتی ہے، کیونکہ نافرمانوں اور مجرموں کو سزا دینا اس کی حکمت کا تقاضا ہے۔