سورة النحل - آیت 64
وَمَا أَنزَلْنَا عَلَيْكَ الْكِتَابَ إِلَّا لِتُبَيِّنَ لَهُمُ الَّذِي اخْتَلَفُوا فِيهِ ۙ وَهُدًى وَرَحْمَةً لِّقَوْمٍ يُؤْمِنُونَ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
اور ہم نے آپ پر کتاب اس لیے نازل کی ہے (٣٨) تاکہ جس بات میں وہ آپس میں اختلاف کرتے ہیں اسے آپ ان کے لیے کھول کر بیان کردیجیے، اور وہ کتاب ان لوگوں کے لیے ہدایت اور رحمت ہے جو اللہ پر ایمان رکھتے ہیں۔
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
اللہ تبارک و تعالیٰ فرماتا ہے کہ اے محمد ! صلی اللہ علیہ وسلم ہم نے آپ پر یہ قرآن صرف اس لئے نازل فرمایا ہے کہ آپ توحید، تقدیر، احکام افعال اور احوال معاذ کے بارے میں ان کے اختلاف کے موقع پر ان کے سامنے حق واضح کردیں تاکہ اللہ تعالیٰ اور اس کی نازل کردہ کتاب پر ایمان رکھنے والوں کے لئے کامل ہدایت اور بے پایاں رحمت ہو۔