سورة النحل - آیت 18

وَإِن تَعُدُّوا نِعْمَةَ اللَّهِ لَا تُحْصُوهَا ۗ إِنَّ اللَّهَ لَغَفُورٌ رَّحِيمٌ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور اگر تم اللہ کی نعمتوں (١١) کو شمار کرنا چاہو گے تو انہیں شمار نہیں کرسکو گے، بیشک اللہ بڑا مغفرت کرنے والا بے حد رحم کرنے والا ہے۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿وَإِن تَعُدُّوا نِعْمَةَ اللّٰـهِ﴾ ” اور اگر تم شمار کرو اللہ کی نعمتوں کو“ یعنی اللہ تعالیٰ کے شکر سے صرف نظر کرتے ہوئے، صرف تعداد کے اعتبار سے ﴿لَا تُحْصُوهَا ۗ﴾ ” تو تم ان کو شمار نہیں کرسکو گے“ یعنی ان نعمتوں کا شکر ادا کرنا تو کجا تم ان کو شمار بھی نہیں کرسکتے اس لئے کہ ہر قسم کی ظاہری و باطنی نعمتیں، جو اس نے سانسوں اور لحظوں کی تعداد میں بندوں پر کی ہیں، جن میں سے کچھ کو وہ جانتے ہیں اور کچھ کو نہیں جانتے، اسی طرح جو تکلیفیں وہ ان سے دور فرماتا رہتا ہے، یہ سب اتنی زیادہ ہیں کہ حیطہ شمار سے باہر ہیں۔ ﴿إِنَّ اللّٰـهَ لَغَفُورٌ رَّحِيمٌ﴾ ” بے شک اللہ بہت بخشنے والا نہایت مہربان ہے“