سورة الحجر - آیت 39

قَالَ رَبِّ بِمَا أَغْوَيْتَنِي لَأُزَيِّنَنَّ لَهُمْ فِي الْأَرْضِ وَلَأُغْوِيَنَّهُمْ أَجْمَعِينَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی

اس نے کہا، میرے رب ! چونکہ تو نے مجھے گمراہ (٢٠) کردیا ہے، اس لئے اب میں بھی زمین میں گناہوں کو ان کے سامنے خوبصورت بنا کر پیش کروں گا، اور ان تمام کو گمراہ کروں گا۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿قَالَ رَبِّ بِمَا أَغْوَيْتَنِي لَأُزَيِّنَنَّ لَهُمْ فِي الْأَرْضِ ﴾ ” شیطان نے کہا، اب رب، جیسے تو نے مجھے گمراہ کیا ہے، میں بھی ان سب کو بہاریں دکھلاؤں گا زمین میں“ یعنی میں ان کے سامنے دنیا کو آراستہ کروں گا، میں ان کو اس بات پر آمادہ کروں گا کہ وہ دنیا کو آخرت پر ترجیح دیں یہاں تک کہ وہ ہر گناہ کرنے لگ جائیں گے۔ ﴿وَلَأُغْوِيَنَّهُمْ أَجْمَعِينَ﴾ ” اور ان سب کو بہکا دوں گا“ یعنی میں تمام انسانوں کو راہ راست پر چلنے سے روک دوں گا۔