وَالْأَرْضَ مَدَدْنَاهَا وَأَلْقَيْنَا فِيهَا رَوَاسِيَ وَأَنبَتْنَا فِيهَا مِن كُلِّ شَيْءٍ مَّوْزُونٍ
اور ہم نے زمین کو پھیلا دیا (١٢) اس پر بڑے بڑے پہاڑ رکھ دیئے، اور اس میں ہر مناسب اور موزوں پودا اگایا۔
﴿ وَالْأَرْضَ مَدَدْنَاهَا ﴾ ” اور زمین کو ہم نے پھیلایا“ یعنی ہم نے زمین کو نہایت وسیع اور کشادہ بنایا ہے تاکہ انسانوں اور حیوانوں کی اس وسیع و عریض زمین کے کناروں تک رسائی، اس سے وافر مقدار میں رزق کا حصول اور اس کے اطراف و جوانب میں سکونت آسان ہو۔ ﴿وَأَلْقَيْنَا فِيهَا رَوَاسِيَ﴾ ” اور اس پر پہاڑ رکھ دیے۔‘ یعنی زمین پر بڑے بڑے پہاڑ رکھ دیئے جو اللہ کے حکم سے زمین کی حفاظت کرتے ہیں کہ کہیں وہ جھک نہ جائے اور وہ زمین کو جمائے رکھتے ہیں کہ کہیں وہ ڈھلک نہ جائے۔ ﴿وَأَنبَتْنَا فِيهَا مِن كُلِّ شَيْءٍ مَّوْزُونٍ﴾ ” اور اگائی اس میں ہر چیز انداز سے“ یعنی فائدہ مند اور درست چیز جس کے لوگ اور بستیاں ضرورت مند ہوتی ہیں مثلاً کھجور، انگور، مختلف اصناف کے درخت، انواع و اقسام کی نباتات اور معدنیات۔