إِلَّا مَنِ اسْتَرَقَ السَّمْعَ فَأَتْبَعَهُ شِهَابٌ مُّبِينٌ
سوائے اس شیطان کے جو چوری سے کوئی بات سن لے، تو ایک چمکدار شعلہ اس کے پیچھے لگ جاتا ہے۔
﴿إِلَّا مَنِ اسْتَرَقَ السَّمْعَ﴾ ” مگر جو چوری سے سن بھاگا“ یعنی بعض اوقات، کبھی کبھار کوئی شیطان سن گن لینے کی کوشش کرتا ہے ﴿فَأَتْبَعَهُ شِهَابٌ مُّبِينٌ﴾ ” تو چمکتا ہوا انگارا اس کے پیچھے لپکتا ہے۔“ یعنی ایک روشن ستارہ اس کا پیچھا کر کے اس کو قتل کردیتا ہے یا اسے سن گن لینے سے روک دیتا ہے اور کبھی کبھی یہ شہاب ثاقب اس شیطان کو اپنے دوست کے پاس پہنچنے سے پہلے جا لیتا ہے اور آسمان کی خبر زمین پر جانے سے روک دیتا ہے۔ بسا اوقات یہ بھی ہوتا ہے کہ شہاب ثاقب کے پہنچنے سے پہلے ہی وہ آسمانی خبر اپنے دوست کو القا کردیتا ہے۔ پس وہ شخص اس میں سو جھوٹ ملا کر بیان کرتا ہے اور وہ کلام جو اس نے آسمان سے سنا ہوتا ہے اس سے استدلال کرتا ہے۔