وَلَقَدْ جَعَلْنَا فِي السَّمَاءِ بُرُوجًا وَزَيَّنَّاهَا لِلنَّاظِرِينَ
اور ہم نے آسمان میں (آفتاب و ماہتاب اور متحرک سیاروں کے لیے) منزلیں (١١) بنائیں ہیں اور اسے دیکھنے والوں کے لیے (ستاروں سے) آراستہ کیا ہے۔
اللہ تعالیٰ اپنے کامل اقتدار اور مخلوق پر اپنی رحمت کا ذکر کرتے ہوئے فرماتا ہے : ﴿وَلَقَدْ جَعَلْنَا فِي السَّمَاءِ بُرُوجًا﴾ ” اور ہم نے بنائے ہیں آسمان میں برج“ یعنی ہم نے ستاروں کو برجوں کی مانند بنایا اور انہیں بڑی علامتیں بنایا جن کے ذریعے سے بحر و بر کی تاریکیوں میں راستے تلاش کئے جاتے ہیں ﴿وَزَيَّنَّاهَا لِلنَّاظِرِينَ ﴾ ” اور خوب صورت بنایا ہے اس کو دیکھنے والوں کے لئے“ اگر ستارے نہ ہوتے تو آسمان کا منظر اتنا خوبصورت اور اس کی ہئیت اتنی تعجب خیز نہ ہوتی اور یہ چیز دیکھنے والوں کو ان پر تدبر، ان کے معانی میں غور و فکر اور ان کے ذریعے سے ان کے پیدا کرنے والے پر استدلال کی دعوت دیتی ہے۔