سورة یوسف - آیت 91

قَالُوا تَاللَّهِ لَقَدْ آثَرَكَ اللَّهُ عَلَيْنَا وَإِن كُنَّا لَخَاطِئِينَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

انہوں نے کہا، اللہ کی قسم ! اللہ تعالیٰ نے آپ کو ہم پر فوقیت (٧٨) دی اور ہم لوگ بیشک گناہ گار تھے۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿قَالُوا تَاللَّـهِ لَقَدْ آثَرَكَ اللَّـهُ عَلَيْنَا﴾ ” انہوں نے کہا، اللہ کی قسم، اللہ نے آپ کو ہمارے مقابلے میں پسند کرلیا ہے“ یعنی اللہ تبارک وتعالیٰ نے آپ کو مکارم اخلاق اور محاسن عادات کے ذریعے سے ہم پر فضیلت سے نوازا، ہم نے آپ کے ساتھ انتہائی برا سلوک کیا، ہم نے آپ کو تکلیف پہنچانے اور آپ کو اپنے باپ سے دور کرنے کی خواہش کی مگر اللہ تعالیٰ نے آپ کو فضیلت بخشی اور ان امور کو آپ کے لئے ممکن بنا دیا جو آپ چاہتے تھے۔ ﴿وَإِن كُنَّا لَخَاطِئِينَ﴾ ” اور بلا شبہ ہم خطا کار تھے۔ “