وَلَا يَنفَعُكُمْ نُصْحِي إِنْ أَرَدتُّ أَنْ أَنصَحَ لَكُمْ إِن كَانَ اللَّهُ يُرِيدُ أَن يُغْوِيَكُمْ ۚ هُوَ رَبُّكُمْ وَإِلَيْهِ تُرْجَعُونَ
اور اگر میں تمہیں نصیحت کرنی چاہوں تو میری نصیحت تمہیں کام نہیں آئے گی اگر اللہ تمہیں گمراہ کرنا چاہتا ہے، وہی تمہارا رب ہے اور اسی کی طرف تمہیں لوٹ کر جانا ہے۔
﴿ وَلَا يَنفَعُكُمْ نُصْحِي إِنْ أَرَدتُّ أَنْ أَنصَحَ لَكُمْ إِن كَانَ اللَّـهُ يُرِيدُ أَن يُغْوِيَكُمْ ۚ ﴾ ” اور نہیں نفع دے گی تم کو میری نصیحت، اگر میں تم کو نصیحت کرنا چاہوں، اگر اللہ کا ارادہ تمہیں گمراہ کرنے کا ہو‘‘ یعنی اللہ تبارک وتعالیٰ کا ارادہ غالب ہے، کیونکہ اگر وہ تمہیں تمہارے حق کو ٹھکرادینے کی پاداش میں گمراہ کردے اور خواہ میں پوری کوشش کے ساتھ تمہاری خیر خواہی کروں۔۔۔۔۔۔ اور جناب نوح علیہ السلام نے ایسا کیا بھی۔۔۔۔۔۔ تب بھی میری یہ کوشش تمہیں کوئی فائدہ نہ دے گی۔ ﴿ هُوَ رَبُّكُمْ ﴾ ” وہ تمہارا رب ہے“ تمہارے ساتھ وہی کچھ کرتا ہے جو وہ چاہتا ہے ﴿وَإِلَيْهِ تُرْجَعُونَ ﴾ ” اور اسی کی طر ف تم لوٹائے جاؤ گے“ پس وہ تمہیں تمہارے اعمال کی جزا دے گا۔