سورة یونس - آیت 79

وَقَالَ فِرْعَوْنُ ائْتُونِي بِكُلِّ سَاحِرٍ عَلِيمٍ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی

اور فرعون نے کہا (٥٤) کہ میرے پاس تمام ماہر جادوگروں کو حاضر کرو۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿وَقَالَ فِرْعَوْنُ﴾ ” اور فرعون نے کہا“ یعنی فرعون نے موسیٰ علیہ السلام کی لائی ہوئی دعوت حق کی مخالفت، اپنے سرداروں اور اپنی قوم کے لئے غلبہ کی کوشش کرتے ہوئے کہا : ﴿ ائْتُونِي بِكُلِّ سَاحِرٍ عَلِيمٍ﴾ ” سب ماہر فن جادو گروں کو ہمارے پاس لے آؤ۔“ یعنی ہر ماہر اور پختہ جادو گر کو میری خدمت میں حاضر کرو۔ اس نے مصر کے شہروں میں ہر کارے دوڑائے، تاکہ وہ مختلف قسم کے جادو گروں کو اس کے پاس لے آئیں۔