سورة الحشر - آیت 15

كَمَثَلِ الَّذِينَ مِن قَبْلِهِمْ قَرِيبًا ۖ ذَاقُوا وَبَالَ أَمْرِهِمْ وَلَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

وہ بھی انہی (یہو دبنی قینقاع) کی طرح ہیں جو ان سے کچھ ہی مدت قبل اپنے برے کرتوتوں کا مزا چکھ (١١) چکے ہیں، اور آخرت میں ان کے لئے درد ناک عذاب ہوگا

تفسیر احسن البیان - حافظ صلاح الدین یوسف رحمہ اللہ

1- اس سے بعض نے مشرکین مکہ مراد لیے ہیں، جنہیں غزوۂ بنی نضیر سے کچھ عرصہ قبل جنگ بدر میں عبرت ناک شکست ہوئی تھی۔ یعنی یہ بھی مغلوبیت اور ذلت میں مشرکین ہی کی طرح ہیں جن کا زمانہ قریب ہی ہے۔ بعض نے یہود کے دوسرے قبیلے بنو قینقاع کو مراد لیا ہے جنہیں بنو نضیر سے قبل جلا وطن کیا جا چکا تھا، جو زمان ومکان دونوں لحاظ سے ان کے قریب تھے۔ (ابن کثیر)۔ 2- یعنی یہ وبال جو انہوں نے چکھا، یہ تو دنیا کی سزا ہے ، آخرت کی سزا اس کے علاوہ ہے جو نہایت درد ناک ہوگی۔