سورة آل عمران - آیت 198

لَٰكِنِ الَّذِينَ اتَّقَوْا رَبَّهُمْ لَهُمْ جَنَّاتٌ تَجْرِي مِن تَحْتِهَا الْأَنْهَارُ خَالِدِينَ فِيهَا نُزُلًا مِّنْ عِندِ اللَّهِ ۗ وَمَا عِندَ اللَّهِ خَيْرٌ لِّلْأَبْرَارِ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی

لیکن جو لوگ اپنے رب سے ڈریں گے، ان کو ایسی جنتیں ملیں گی جن کے نیچے نہریں جاری ہوں گی، ان میں ہمیشہ رہیں گے، یہ اللہ کی طرف سے ان کی ضیافت و تکریم ہوگی، اور جو کچھ اللہ کے پاس ہے وہ نیک لوگوں کے لئے بہت بہتر ہے

تفسیر مکہ - حافظ صلاح الدین یوسف حافظ

* ان کے برعکس جو تقویٰ اور خدا خوفی کی زندگی گزار کر اللہ کی بارگاہ میں حاضر ہوں گے۔ گو دنیا میں ان کے پاس خدا فراموشوں کی طرح دولت کے انبار اور رزق کی فراوانی نہ رہی ہوگی، مگر وہ اللہ کے مہمان ہوں گے جو تمام کائنات کا خالق ومالک ہے اور وہاں ان ابرار (نیک لوگوں) کو جو اجر وصلہ ملے گا، وہ اس سے بہتر ہوگا جو دنیا میں کافروں کو عارضی طور پر ملتا ہے۔