سورة القصص - آیت 19

فَلَمَّا أَنْ أَرَادَ أَن يَبْطِشَ بِالَّذِي هُوَ عَدُوٌّ لَّهُمَا قَالَ يَا مُوسَىٰ أَتُرِيدُ أَن تَقْتُلَنِي كَمَا قَتَلْتَ نَفْسًا بِالْأَمْسِ ۖ إِن تُرِيدُ إِلَّا أَن تَكُونَ جَبَّارًا فِي الْأَرْضِ وَمَا تُرِيدُ أَن تَكُونَ مِنَ الْمُصْلِحِينَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

پس جب انہوں نے اس آدمی پر حملہ کرنا چاہا جوان کا دشمن تھا اس نے کہا اے موسیٰ کیا تم مجھے قتل کردینا چاہتے ہو، جس طرح کل گزشتہ تم نے ایک آدمی کو قتل کیا تھا تم تو زمین میں ظالم وسرکش بن کررہنا چاہتے ہو اصلاح کرنے والے نہیں بننا چاہتے ہو

تفسیر احسن البیان - حافظ صلاح الدین یوسف رحمہ اللہ

1- یعنی حضرت موسیٰ (عليہ السلام) نے چاہا کہ قبطی کو پکڑ لیں، کیونکہ وہی حضرت موسیٰ (عليہ السلام) اور بنی اسرائیل کا دشمن تھا، تاکہ لڑائی زیادہ نہ بڑھے۔ 2- فریادی (اسرائیلی) سمجھا کہ موسیٰ (عليہ السلام) شاید اسے پکڑنے لگے ہیں تو وہ بول اٹھا کہ اے موسیٰ ! ﴿أَتُرِيدُ أَنْ تَقْتُلَنِي جس سے قبطی کے علم میں یہ بات آگئی کہ کل جو قتل ہوا تھا، اس کا قاتل موسیٰ (عليہ السلام) ہے، اس نے جاکر فرعون کو بتلا دیا جس پر فرعون نے اس کے بدلے میں موسیٰ (عليہ السلام) کو قتل کرنے کا عزم کرلیا۔