سورة الأنبياء - آیت 80
وَعَلَّمْنَاهُ صَنْعَةَ لَبُوسٍ لَّكُمْ لِتُحْصِنَكُم مِّن بَأْسِكُمْ ۖ فَهَلْ أَنتُمْ شَاكِرُونَ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی
اور ہم نے انہیں تمہارے فائدے کے لئے زرہ بنانا سکھایا تاکہ وہ (زرہ) تمہیں لڑائی کے نقصانات سے بچائے تو کیا تم لوگ اللہ کا شکر ادا کرو گے۔
تفسیر مکہ - حافظ صلاح الدین یوسف حافظ
* یعنی لوہے کو ہم نے داؤد (عليہ السلام) کے لئے نرم کر دیا تھا، وہ اس سے جنگی لباس، لوہے کی زریں تیار کرتے تھے، جو جنگ میں تمہاری حفاظت کا ذریعہ ہیں۔ حضرت قتادہ (رضی اللہ تعالٰی عنہ) فرماتے ہیں کہ حضرت داؤد (عليہ السلام) سے پہلے بھی زریں بنتی تھیں۔ لیکن وہ سادہ بغیر کنڈوں اور بغیر حلقوں کے ہوتی تھیں، حضرت داؤد (عليہ السلام) پہلے شخص ہیں جنہوں نے کنڈے دار حلقے والی زریں بنائیں (ابن کثیر)