سورة مريم - آیت 12
يَا يَحْيَىٰ خُذِ الْكِتَابَ بِقُوَّةٍ ۖ وَآتَيْنَاهُ الْحُكْمَ صَبِيًّا
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی
اے یحییٰ ! آپ تورات (٧) کو مضبوطی کے ساتھ تھام لیجئے اور ہم نے بچپن ہی سے ان کو فیصلہ کرنے کی صلاحیت دی تھی۔
تفسیر مکہ - حافظ صلاح الدین یوسف حافظ
* یعنی اللہ نے حضرت زکریا (عليہ السلام) کو یٰحیٰی (عليہ السلام) عطا فرمایا اور جب وہ کچھ بڑا ہوا، گو ابھی بچہ ہی تھا، اسے اللہ نے کتاب کو مضبوطی سے پکڑنے یعنی اس پر عمل کرنے کا حکم دیا۔ کتاب سے مراد تورات ہے یا ان پر مخصوص نازل کردہ کوئی کتاب ہے جس کا ہمیں علم نہیں۔ ** حُکْم سے مراد دانائی، عقل، شعور، کتاب میں درج احکام دین کی سمجھ، علم وعمل کی جامعیت یا نبوت مراد ہے۔ امام شوکانی فرماتے ہیں کہ اس امر میں کوئی مانع نہیں ہے کہ حکم میں یہ ساری ہی چیزیں داخل ہوں۔