سورة البقرة - آیت 112
بَلَىٰ مَنْ أَسْلَمَ وَجْهَهُ لِلَّهِ وَهُوَ مُحْسِنٌ فَلَهُ أَجْرُهُ عِندَ رَبِّهِ وَلَا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا هُمْ يَحْزَنُونَ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی
ہاں، جو کوئی اللہ کے لئے سر تسلیم خم (١٦٤) کردے اور وہ اچھا کام کرنے والا ہو، تو اس کا اجر اللہ کے نزدیک ثابت ہے، اور انہیں کوئی خوف و غم لاحق نہیں ہوگا
تفسیر مکہ - حافظ صلاح الدین یوسف حافظ
* ﴿أَسْلَمَ وَجْهَهُ لِلَّهِ﴾ کا مطلب ہے محض اللہ کی رضا کے لئے کام کرے اور﴿وَهُوَ مُحْسِنٌ﴾ کا مطلب ہے اخلاص کے ساتھ پیغمبر آخرالزمان (ﷺ) کی سنت کے مطابق۔ قبولیت عمل کے لئے یہ دو بنیادی اصول ہیں اور نجات اخروی ان ہی اصولوں کے مطابق کئےگئے اعمال صالحہ پر مبنی ہے، نہ کہ محض آرزوؤں پر۔