فَإِذَا مَسَّ الْإِنسَانَ ضُرٌّ دَعَانَا ثُمَّ إِذَا خَوَّلْنَاهُ نِعْمَةً مِّنَّا قَالَ إِنَّمَا أُوتِيتُهُ عَلَىٰ عِلْمٍ ۚ بَلْ هِيَ فِتْنَةٌ وَلَٰكِنَّ أَكْثَرَهُمْ لَا يَعْلَمُونَ
پس جب آدمی کو کوئی تکلیف (٣٢) پہنچتی ہے تو وہ ہمیں پکارنے لگتا ہے، پھر جب ہم اسے اپنی طرف سے کوئی نعمت دیتے ہیں، تو وہ کہنے لگتا ہے کہ یہ تو مجھے میری دانشمندی کی وجہ سے ملی ہے۔ بلکہ یہ تو ایک آزمائش ہے، لیکن اکثر لوگ اس کا علم نہیں رکھتے
انسان کا ناشکرا پن اللہ تعالیٰ انسان کی حالت کو بیان فرماتا ہے کہ ’ مشکل کے وقت تو وہ آہ و زاری شروع کر دیتا ہے ، اللہ کی طرف پوری طرح راجع اور راغب ہو جاتا ہے ، لیکن جہاں مشکل ہو گئی جہاں راحت و نعمت حاصل ہوئی یہ سرکش و متکبر بنا ‘ ۔ اور اکڑتا ہوا کہنے لگا کہ یہ تو اللہ کے ذمے میرا حق تھا ۔ میں اللہ کے نزدیک اس کا مستحق تھا ہی ۔ میری اپنی عقلمندی اور خوش تدبیری کی وجہ سے اس نعمت کو میں نے حاصل کیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ’ بات یوں نہیں بلکہ دراصل یہ ہماری طرف کی آزمائش ہے گو ہمیں ازل سے علم حاصل ہے لیکن تاہم ہم اسے ظہور میں لانا چاہتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ اس نعمت کا یہ شکر ادا کرتا ہے یا ناشکری ؟ لیکن یہ لوگ بےعلم ہیں ۔ دعوے کرتے ہیں منہ سے بات نکال دیتے ہیں لیکن اصلیت سے بے خبر ہیں ، یہی دعویٰ اور یہی قول ان سے پہلے کے لوگوں نے بھی کیا اور کہا ، لیکن ان کا قول صحیح ثابت نہ ہوا اور ان نعمتوں نے ، کسی اور چیز نے اور ان کے اعمال نے انہیں کوئی نفع نہ دیا ، جس طرح ان پر وبال ٹوٹ پڑا اسی طرح ان پر بھی ایک دن ان کی بداعمالیوں کا وبال آ پڑے گا اور یہ اللہ کو عاجز نہیں کر سکتے ۔ نہ تھکا اور ہرا سکتے ہیں ‘ ۔ جیسے کہ قارون سے اس کی قوم نے کہا تھا «إِنَّ قَارُونَ کَانَ مِن قَوْمِ مُوسَیٰ فَبَغَیٰ عَلَیْہِمْ وَآتَیْنَاہُ مِنَ الْکُنُوزِ مَا إِنَّ مَفَاتِحَہُ لَتَنُوءُ بِالْعُصْبَۃِ أُولِی الْقُوَّۃِ إِذْ قَالَ لَہُ قَوْمُہُ لَا تَفْرَحْ إِنَّ اللہَ لَا یُحِبٰ الْفَرِحِینَ وَابْتَغِ فِیمَا آتَاکَ اللہُ الدَّارَ الْآخِرَۃَ وَلَا تَنسَ نَصِیبَکَ مِنَ الدٰنْیَا وَأَحْسِن کَمَا أَحْسَنَ اللہُ إِلَیْکَ وَلَا تَبْغِ الْفَسَادَ فِی الْأَرْضِ إِنَّ اللہَ لَا یُحِبٰ الْمُفْسِدِینَ قَالَ إِنَّمَا أُوتِیتُہُ عَلَیٰ عِلْمٍ عِندِی أَوَلَمْ یَعْلَمْ أَنَّ اللہَ قَدْ أَہْلَکَ مِن قَبْلِہِ مِنَ الْقُرُونِ مَنْ ہُوَ أَشَدٰ مِنْہُ قُوَّۃً وَأَکْثَرُ جَمْعًا وَلَا یُسْأَلُ عَن ذُنُوبِہِمُ الْمُجْرِمُونَ» (28-القص:76-78) ’ کہ اس قدر اکڑ نہیں اللہ تعالیٰ خود پسندوں کو محبوب نہیں رکھتا ۔ اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کو خرچ کر کے آخرت کی تیاری کر اور وہاں کا سامان مہیا کر ۔ اس دنیا میں بھی فائدہ اٹھاتا رہ اور جیسے اللہ نے تیرے ساتھ سلوک کیا ہے ، تو بھی لوگوں کے ساتھ احسان کرتا رہ ۔ زمین میں فساد کرنے والا مت بن اللہ تعالیٰ مفسدوں سے محبت نہیں کرتا ‘ ۔ اس پر قارون نے جواب دیا کہ ان تمام نعمتوں اور جاہ و دولت کو میں نے اپنی دانائی اور علم و ہنر سے حاصل کیا ہے ، اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ’ کیا اسے یہ معلوم نہیں کہ اس سے پہلے اس سے زیادہ قوت اور اس سے زیادہ جمع جتھا والوں کو میں نے ہلاک و برباد کر دیا ہے ، مجرم اپنے گناہوں کے بارے میں پوچھے نہ جائیں گے ‘ ۔ الغرض مال و اولاد پر پھول کر اللہ کو بھول جانا یہ شیوہ کفر ہے ۔ کفار کا قول تھا کہ ہم مال و اولاد میں زیادہ ہیں ہمیں عذاب نہیں ہو گا ، ’ کیا انہیں اب تک یہ معلوم نہیں کہ رزق کا مالک اللہ تعالیٰ ہے جس کیلئے چاہے کشادگی کرے اور جس پر چاہے تنگی کرے ۔ اس میں ایمان والوں کیلئے طرح طرح کی عبرتیں اور دلیلیں ہیں ‘ ۔