وَآيَةٌ لَّهُمُ الْأَرْضُ الْمَيْتَةُ أَحْيَيْنَاهَا وَأَخْرَجْنَا مِنْهَا حَبًّا فَمِنْهُ يَأْكُلُونَ
اور ان کے لئے ایک نشانی مردہ زمین (١٩) ہے ہم نے اسے زندہ کیا، اور اس سے اناج نکالا جسے لوگ کھاتے ہیں
وجود باری تعالٰی کی ایک نشانی اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے کہ میرے وجود پر ، میری زبردست قدرت پر اور مردوں کو زندگی دینے پر ایک نشانی یہ بھی ہے کہ مردہ زمین جو بنجر خشک پڑی ہوئی ہوتی ہے جس میں کوئی روئیدگی ، تازگی ، ہریالی ، گھاس وغیرہ نہیں ہوتی ۔ میں اس پر آسمان سے پانی برساتا ہوں وہ مردہ زمین جی اٹھتی ہے لہلہانے لگتی ہے ہر طرف سبزہ ہی سبزہ اگ جاتا ہے اور قسم قسم کے پھل پھول وغیرہ نظر آنے لگتے ہیں ۔ تو فرماتا ہے کہ ہم اس مردہ زمین کو زندہ کر دیتے ہیں اور اس سے قسم قسم کے اناج پیدا کرتے ہیں بعض کو تم کھاتے ہو بعض تمہارے جانور کھاتے ہیں ۔ ہم اس میں کھجوروں کے انگوروں کے باغات وغیرہ تیار کر دیتے ہیں ۔ نہریں جاری کر دیتے ہیں جو باغوں اور کھیتوں کو سیراب ، سرسبز و شاداب کرتی رہتی ہیں ۔ یہ سب اس لیے کہ ان درختوں کے میوے دنیا کھائے ، کھیتیوں سے ، باغات سے نفع حاصل کرے ، حاجتیں پوری کرے ، یہ سب اللہ کی رحمت اور اس کی قدرت سے پیدا ہو رہے ہیں ، کسی کے بس اور اختیار میں نہیں ، تمہارے ہاتھوں کی پیدا کردہ یا حاصل کردہ چیزیں نہیں ۔ نہ تمہیں انہیں اگانے کی طاقت نہ تم میں انہیں بچانے کی قدرت ، نہ انہیں پکانے کا تمہیں اختیار ۔ صرف اللہ کے یہ کام ہیں اور اسی کی یہ مہربانی ہے اور اس کے احسان کے ساتھ ہی ساتھ یہ اس کی قدرت کے نمونے ہیں ۔ پھر لوگوں کو کیا ہو گیا ہے جو شکر گزاری نہیں کرتے ؟ اور اللہ تعالیٰ کی بے انتہا ان گنت نعمتیں اپنے پاس ہوتے ہوئے اس کا احسان نہیں مانتے ؟ ایک مطلب یہ بھی بیان کیا گیا ہے کہ باغات کے پھل جو کھاتے ہیں اور اپنے ہاتھوں کا بویا ہوا یہ پاتے ہیں ، چنانچہ سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ کی قرأت میں «وَمَا عَمِلَتْہُ اَیْدِیْہِمْ اَفَلَا یَشْکُرُوْنَ» ( 36- یس : 35 ) ہے ۔ پاک اور برتر اور تمام نقصانات سے بری وہ اللہ ہے جس نے زمین کی پیداوار کو اور خود تم کو جوڑا جوڑا پیدا کیا ہے اور مختلف قسم کی مخلوق کے جوڑے بنائے ہیں جنہیں تم جانتے بھی نہیں ہو ۔ جیسے اور آیت میں ہے «وَمِنْ کُلِّ شَیْءٍ خَلَقْنَا زَوْجَیْنِ لَعَلَّکُمْ تَذَکَّرُوْنَ» ( 51- الذاریات : 49 ) ہم نے ہرچیز کے جوڑے پیدا کئے ہیں تاکہ تم نصیحت پکڑو ۔