وَمَا أَرْسَلْنَا فِي قَرْيَةٍ مِّن نَّذِيرٍ إِلَّا قَالَ مُتْرَفُوهَا إِنَّا بِمَا أُرْسِلْتُم بِهِ كَافِرُونَ
اور ہم نے جب بھی کسی بستی میں کوئی ڈرانے والا رسول (٢٨) بھیجا تو اس کے عیش پرستوں نے یہی کہا کہ تم جو پیغام دے کر بھیجے گئے ہو ہم اس کا انکار کرتے ہیں
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے تسلیاں اللہ تعالیٰ اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو تسلی دیتا ہے اور اگلے پیغمبروں کی سی سیرت رکھنے کو فرماتا ہے فرماتا ہے کہ جس بستی میں جو رسول گیا اس کا مقابلہ ہوا ۔ بڑے لوگوں نے کفر کیا ۔ ہاں غرباء نے تابعداری کی جیسے کہ قوم نوح نے اپنے نبی سے کہا تھا «قَالُـوْٓا اَنُؤْمِنُ لَکَ وَاتَّبَعَکَ الْاَرْذَلُوْنَ» ۱؎ (26-الشعراء:111) الخ ، ’ ہم تجھ پر کیسے ایمان لائیں ؟ تیرے ماننے والے تو سب نیچے درجے کے لوگ ہیں ۔ ‘ یہی مضمون دوسری آیت «وَمَا نَرٰیکَ اتَّبَعَکَ اِلَّا الَّذِیْنَ ہُمْ اَرَاذِلُـنَا بَادِیَ الرَّاْیِ» ۱؎ (11-ہود:27) الخ ، میں ہے قوم صالح کے متکبر لوگ ضعیفوں سے کہتے تھے «اَتَعْلَمُوْنَ اَنَّ صٰلِحًا مٰرْسَلٌ مِّنْ رَّبِّہٖ قَالُوْٓا اِنَّا بِمَآ اُرْسِلَ بِہٖ مُؤْمِنُوْنَ» ۱؎ (7-الأعراف:75) الخ ’ کیا تمہیں صالح کے نبی ہونے کا یقین ہے ؟ انہوں نے کہا ہاں ہم تو مومن ہیں ۔ تو متکبرین نے صاف کہا کہ ہم نہیں مانتے ۔ ‘ اور آیت میں ہے «وَکَذٰلِکَ فَتَنَّا بَعْضَہُمْ بِبَعْضٍ لِّیَقُوْلُوْٓا اَہٰٓؤُلَاءِ مَنَّ اللّٰہُ عَلَیْہِمْ مِّنْ بَیْنِنَا اَلَیْسَ اللّٰہُ بِاَعْلَمَ بالشّٰکِرِیْنَ» ۱؎ (6-الأنعام:53) الخ ، یعنی ’ اسی طرح ہم نے ایک کو دوسرے سے فتنے میں ڈالا تاکہ وہ کہیں کیا یہی لوگ ہیں جن پر اللہ نے ہم سب میں سے احسان کیا ۔ کیا اللہ شکر گزاروں کو جاننے والا نہیں ؟ ‘ اور فرمایا ہر بستی میں وہاں کے بڑے لوگ مجرم اور مکار ہوتے ہیں اور فرمان ہے «وَاِذَآ اَرَدْنَآ اَنْ نٰہْلِکَ قَرْیَۃً اَمَرْنَا مُتْرَفِیْہَا فَفَسَقُوْا فِیْہَا فَحَقَّ عَلَیْہَا الْقَوْلُ فَدَمَّرْنٰہَا تَدْمِیْرًا» ۱؎ (17-الإسراء:16) الخ ، ’ جب کسی بستی کی ہلاکت کا ہم ارادہ کرتے ہیں تو اس کے سرکش لوگوں کو کچھ احکام دیتے ہیں وہ نہیں مانتے پھر ہم انہیں ہلاک کر دیتے ہیں ۔ ‘ پس یہاں بھی فرماتا ہے کہ ہم نے جس بستی میں کوئی نبی اور رسول بھیجا ہے وہاں کے جاہ و حشمت ، شان و شوکت والے رئیسوں ، امیروں ، سرداروں اور بڑے لوگوں نے جھٹ اپنے کفر کا اعلان کر دیا ۔ ابن ابی حاتم میں ہے { ابورزین رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ دو شخص آپس میں شریک تھے ایک تو سمندر پار چلا گیا ، ایک وہیں رہا جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مبعوث ہوئے تو اس نے اپنے ساتھی سے لکھ کر دریافت کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا کیا حال ہے ؟ اس نے جواب میں لکھا کہ گرے پڑے لوگوں نے اس کی بات مانی ہے ۔ شریف قریشیوں نے اس کی اطاعت نہیں کی ۔ اس خط کو پڑھ کر وہ اپنی تجارت چھوڑ چھاڑ کر سفر کر کے اپنے شریک کے پاس پہنچا ۔ یہ پڑھا لکھا آدمی تھا ، کتابوں کا اسے علم حاصل تھا ۔ اس سے پوچھا کہ بتاؤ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کہاں ہیں ؟ معلوم کر کے آپ کی خدمت میں حاضر ہوا آپ سے پوچھا کہ آپ لوگوں کو کس چیز کی طرف بلاتے ہیں ؟ { آپ نے اسلام کے ارکان اس کے سامنے بیان فرمائے ۔ وہ اسے سنتے ہی ایمان لے آیا ۔ آپ نے فرمایا تمہیں اس کی تصدیق کیونکر ہو گئی ؟ اس نے کہا اس بات سے کہ تمام انبیاء کے ابتدائی ماننے والے ہمیشہ ضعیف مسکین لوگ ہی ہوتے ہیں ۔ اس پر یہ آیتیں اتریں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے آدمی بھیج کر انہیں کہلوایا کہ تمہاری بات کی سچائی اللہ تعالیٰ نے نازل فرمائی ۔ } ۱؎ (ضعیف) اسی طرح { ہرقل نے کہا تھا جب کہ اس نے ابوسفیان سے ان کی جاہلیت کی حالت میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی نسبت دریافت کیا تھا کہ کیا شریف لوگوں نے ان کی تابعداری کی ہے یا ضعیفوں نے ؟ تو ابوسفیان نے جواب دیا کہ ضعیفوں نے ۔ اس پر ہرقل نے کہا کہ ہر رسول کی اولاً تابعداری کرنے والے یہی ضعیف لوگ ہوتے ہیں } ۱؎ (صحیح بخاری:7) پھر فرمایا یہ خوش حال لوگ مال و اولاد کی کثرت پر ہی فخر کرتے ہیں اور اسے اس بات کی دلیل بناتے ہیں کہ وہ پسندیدہ اللہ ہیں اگر اللہ کی خاص عنایت و مہربانی ان پر نہ ہوتی تو انہیں یہ نعمتیں نہ دیتا اور جب یہاں رب مہربان ہے تو آخرت میں بھی وہ مہربان ہی رہے گا ۔ قرآن نے ہر جگہ اس کا رد کیا ہے ۔ ایک اور جگہ فرمایا : «اَیَحْسَبُوْنَ اَنَّمَا نُمِدٰہُمْ بِہٖ مِنْ مَّالٍ وَّبَنِیْنَ» ۱؎ (23-المؤمنون:55-56) الخ ، ’ کیا ان کا خیال ہے کہ مال و اولاد کی اکثریت ان کے لیے بہتر ہے ؟ نہیں بلکہ برائی ہے لیکن یہ بےشعور ہیں ۔ ‘ ایک اور آیت میں ہے «وَلَا تُعْجِبْکَ اَمْوَالُہُمْ وَاَوْلَادُہُمْ اِنَّمَا یُرِیْدُ اللّٰہُ اَنْ یٰعَذِّبَہُمْ بِہَا فِی الدٰنْیَا وَتَزْہَقَ اَنْفُسُہُمْ وَہُمْ کٰفِرُوْنَ» ۱؎ (9-التوبۃ:85) الخ ، ’ ان کی مال و اولاد تجھے دھوکے میں نہ ڈالے اس سے انہیں دنیا میں بھی سزا ہو گی اور مرتے دم تک یہ کفر پر ہی رہیں گے ۔ ‘ اور آیت میں ہے «ذَرْنِیْ وَمَنْ خَلَقْتُ وَحِیْدًا» ۱؎ (74-المدثر:11-17) الخ ، یعنی ’ مجھے اور اس شخص کو چھوڑ دے جسے بہت سے فرزند دے رکھے ہیں ۔ اور ہر طرح کا عیش اس کے لیے مہیا کر دیا ہے ۔ تاہم اسے طمع ہے کہ میں اور زیادہ دوں ۔ ایسا نہیں یہ ہماری آیتوں کا مخالف ہے ۔ زمانہ جانتا ہے کہ اسے میں دوزخ کے پہاڑوں پر چڑھاؤں گا ۔ ‘ اس شخص کا واقعہ بھی مذکور ہوا ہے جس کے دو باغ تھے ، مال والا ، پھلوں والا ، اولاد والا تھا ۔ لیکن کسی چیز نے کوئی فائدہ نہ دیا عذاب الٰہی سے سب چیزیں دنیا میں ہی تباہ اور خاک سیاہ ہو گئیں ۔ اللہ جس کی روزی کشادہ کرنا چاہے ، کشادہ کر دیتا ہے اور جس کی روزی تنگ کرنا چاہے ، تنگ کر دیتا ہے دنیا میں تو وہ اپنے دوستوں دشمنوں سب کو دیتا ہے ۔ غنی یا فقیر ہونا اس کی رضا مندی اور ناراضگی کی دلیل نہیں ۔ بلکہ اس میں اور ہی حکمتیں ہوتی ہیں جنہیں اکثر لوگ جان نہیں سکتے ، مال و اولاد کو ہماری عنایت کی دلیل بنانا غلطی ہے ۔ یہ کوئی ہمارے پاس مرتبہ بڑھانے والی چیز نہیں ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں { اللہ تعالیٰ تمہاری صورتوں اور مالوں کو نہیں دیکھتا بلکہ دلوں اور عملوں کو دیکھتا ہے ۔ } ۱؎ (صحیح مسلم:2564ـ34) [ مسلم ] ہاں اس کے پاس درجات دلانے والی چیز ایمان اور نیک اعمال ہیں ۔ ان کی نیکیوں کے بدلے انہیں بہت بڑھا چڑھا کر دیئے جائیں گے ۔ اور ایک ایک نیکی دس دس گنا بلکہ سات سات سو گنا کر کے دی جائے گی ۔ جنت کی بلند ترین منزلوں میں ہر ڈر خوف سے ، غم سے پر امن ہوں گے ۔ کوئی دکھ درد نہ ہو گا ۔ ایذا اور صدمہ نہ ہو گا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں { جنت میں ایسے بالاخانے ہیں جن کا ظاہر باطن سے اور باطن ظاہر سے نظر آتا ہے ۔ ایک اعرابی نے کہا یہ بالاخانے کس کے لیے ہیں ؟ آپ نے فرمایا جو نرم کلامی کرے ، کھانا کھلائے ، بکثرت روزے رکھے اور لوگوں کی نیند کے وقت تہجد پڑھے ۔ } ۱؎ (سنن ترمذی:1984،قال الشیخ الألبانی:۔حسن) [ ابن ابی حاتم ] جو لوگ اللہ کی راہ سے اوروں کو روکتے ہیں ، رسولوں کی تابعداری سے لوگوں کو باز رکھتے ہیں ، اللہ کی آیتوں کی تصدیق نہیں کرتے ، وہ جہنم کی سزا میں حاضر کئے جائیں گے اور برا بدلہ پائیں گے ۔