سورة الأحزاب - آیت 63

يَسْأَلُكَ النَّاسُ عَنِ السَّاعَةِ ۖ قُلْ إِنَّمَا عِلْمُهَا عِندَ اللَّهِ ۚ وَمَا يُدْرِيكَ لَعَلَّ السَّاعَةَ تَكُونُ قَرِيبًا

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

لوگ آپ سے قیامت کے بارے میں پوچھتے (50) ہیں، آپ کہہ دیجیے کہ اس کا علم صرف اللہ کو ہے، اور آپ کو کیا معلوم کہ قیامت شاید قریب آچکی ہو

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

قیامت قریب تر سمجھو لوگ یہ سمجھ کر کہ قیامت کب آئے گی ، اس کا علم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو ہے ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کرتے تھے تو اللہ تعالیٰ نے سب کو اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زبانی معلوم کروا دیا کہ ’ اس کا مطلق مجھے علم نہیں یہ صرف اللہ تعالیٰ ہی جانتا ہے ‘ ۔ سورۃ الأعراف میں بھی یہ بیان ہے اور اس سورت میں بھی پہلی سورت مکے میں اتری تھی یہ سورت مدینے میں نازل ہوئی ۔ جس سے ظاہر کرا دیا گیا کہ ابتداء سے انتہا تک قیامت کے صحیح وقت کی تعیین آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو معلوم نہ تھی ۔ ہاں اتنا اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو معلوم کرا دیا تھا کہ قیامت کا وقت ہے قریب ۔ جیسے اور آیت میں ہے «اِقْتَرَبَتِ السَّاعَۃُ وَانْشَقَّ الْقَمَرُ» ۱؎ (54-القمر:1) اور آیت میں ہے «اِقْتَرَبَ للنَّاسِ حِسَابُہُمْ وَہُمْ فِیْ غَفْلَۃٍ مٰعْرِضُوْنَ» ۱؎ (21-الأنبیاء:1) اور «اَتٰٓی اَمْرُ اللّٰہِ فَلَا تَسْتَعْجِلُوْہُ سُبْحٰنَہٗ وَتَعٰلٰی عَمَّا یُشْرِکُوْنَ» ۱؎ (16-النحل:1) وغیرہ ، ’ اللہ تعالیٰ نے کافروں کو اپنی رحمت سے دور کر دیا ہے ان پر ابدی لعنت فرمائی ہے ‘ ۔ ’ دار آخرت میں ان کیلئے آگ جہنم تیار ہے جو بڑی بھڑکنے والی ہے ، جس میں وہ ہمیشہ رہیں گے نہ کبھی نکل سکیں نہ چھوٹ سکیں اور وہاں نہ کوئی اپنا فریاد رس پائیں گے نہ کوئی دوست و مددگار جو انہیں چھڑالے یا بچ اس کے ، یہ جہنم میں منہ کے بل ڈالے جائیں گے ۔ اس وقت تمنا کریں گے کہ کاش کہ ہم اللہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے تابعدار ہوتے ۔ میدان قیامت میں بھی ان کی یہی تمنائیں رہیں گی ہاتھ کو چباتے ہوئے کہیں گے کہ کاش ہم قرآن حدیث کے عامل ہوتے ۔ کاش کہ میں نے فلاں کو دوست نہ بنایا ہوتا ۔ اس نے تو مجھے قرآن و حدیث سے بہکا دیا فی الواقع شیطان انسان کو ذلیل کرنے والا ہے ‘ اور آیت میں ہے «رُبَمَا یَوَدٰ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا لَوْ کَانُوْا مُسْلِمِیْنَ» ۱؎ (15-الحجر:2) ’ عنقریب کفار آرزو کریں گے کہ کاش کہ وہ مسلمان ہوتے ‘ ، اس وقت کہیں گے کہ اے اللہ ہم نے اپنے سرداروں اور اپنے علماء کی پیروی کی ۔ امراء اور مشائخین کے پیچھے لگے رہے ۔ رسولوں سے اختلاف کیا اور یہ سمجھا کہ ہمارے بڑے راہ راست پر ہیں ۔ ان کے پاس حق ہے آج ثابت ہوا کہ درحقیقت وہ کچھ نہ تھے ۔ انہوں نے تو ہمیں بہکا دیا ، پروردگار تو انہیں دوہرا عذاب کر ۔ ایک تو ان کے اپنے کفر کا ایک ہمیں برباد کرنے کا ۔ اور ان پر بدترین لعنت نازل کر ۔ ایک قرأت میں «کَبٰیراً» کے بدلے «کَثِیْراً» ہے مطلب دونوں کا یکساں ہے ۔ بخاری و مسلم میں ہے { سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کسی ایسی دعا کی درخواست کی جسے وہ نماز میں پڑھیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ دعا تعلیم فرمائی «للَّہُمَّ إِنِّی ظَلَمْتُ نَفْسِی ظُلْمًا کَثِیرًا ، وَلَا یَغْفِرُ الذٰنُوبَ إِلَّا أَنْتَ. فَاغْفِرْ لِی مَغْفِرَۃً مِنْ عِنْدِکَ ، وَارْحَمْنِی إِنَّکَ أَنْتَ الْغَفُورُ الرَّحِیمُ» یعنی اے اللہ میں نے بہت سے گناہ کئے ہیں ۔ میں مانتا ہوں کہ تیرے سوا کوئی انہیں معاف نہیں کر سکتا پس تو اپنی خصوصی بخشش سے مجھے بخش دے اور مجھ پر رحم کر تو بڑا ہی بخشش کرنے والا اور مہربان ہے } ۔ ۱؎ (صحیح بخاری:834) اس حدیث میں بھی «ظُلْمًا کَثِیرًا» اور «کَبٰیراً» دونوں ہی مروی ہیں ۔ بعض لوگوں نے یہ بھی کہا ہے کہ دعا میں «کَثِیرًا کَبٰیراً» دونوں لفظ ملالے ۔ لیکن یہ ٹھیک نہیں بلکہ ٹھیک یہ ہے کہ کبھی «کَثِیرًا» کہے کبھی «کَبٰیراً» دونوں لفظوں میں سے جسے چاہے پڑھ سکتا ہے ۔ لیکن دونوں کو جمع نہیں کر سکتا ، «وَاللہُ اَعْلَمُ» ۔ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کا ایک ساتھی آپ رضی اللہ عنہ کے مخالفین سے کہہ رہا تھا کہ تم اللہ کے ہاں جا کر یہ کہو گے کہ «وَقَالُوا رَبَّنَا إِنَّا أَطَعْنَا سَادَتَنَا وَکُبَرَاءَنَا فَأَضَلٰونَا السَّبِیلَا» ۱؎ (33-الأحزاب:67) ۔