سم
طسم۔ (١)
تعارف قرآن کریم پھر فرمان ہے کہ ’ یہ آیتیں قرآن مبین کی ہیں جو بہت واضح بالکل صاف اور حق وباطل بھلائی برائی کے درمیان فیصلہ اور فرق کرنے والا ہے ۔ ان لوگوں کے ایمان نہ لانے سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم رنجیدہ خاطر اور غمگین نہ ہوں ‘ ۔ جیسے اور جگہ ارشاد ہے آیت «فَلَا تَذْہَبْ نَفْسُکَ عَلَیْہِمْ حَسَرٰتٍ اِنَّ اللّٰہَ عَلِـیْمٌ بِمَا یَصْنَعُوْنَ» ۱؎ (35-فاطر:8) ’ تو ان کے ایمان نہ لانے پر حسرت وافسوس نہ کر ‘ ۔ اور آیت میں ہے آیت «فَلَعَلَّکَ بَاخِعٌ نَّفْسَکَ عَلٰٓی اٰثَارِہِمْ اِنْ لَّمْ یُؤْمِنُوْا بِہٰذَا الْحَدِیْثِ اَسَفًا» ۱؎ (18-الکہف:6) ، ’ کہیں ایسا نہ ہو کہ تو ان کے پیچھے اپنی جان گنوادے ‘ ۔ چونکہ ہماری یہ چاہت ہی نہیں کہ لوگوں کو ایمان پر زبردستی کریں اگر یہ چاہتے تو کوئی ایسی چیز آسمان سے اتارتے کہ یہ ایمان لانے پر مجبور ہو جاتے مگر ہم کو تو ان کا اختیاری ایمان طلب کرتے ہیں ۔ اور آیت میں ہے «وَلَوْ شَاءَ رَبٰکَ لَاٰمَنَ مَنْ فِی الْاَرْضِ کُلٰھُمْ جَمِیْعًا اَفَاَنْتَ تُکْرِہُ النَّاسَ حَتّٰی یَکُوْنُوْا مُؤْمِنِیْنَ» ۱؎ (10-یونس:99) ، ’ اگر تیرا رب چاہے تو روئے زمین کے تمام لوگ مومن ہو جائیں کیا تو لوگوں پر جبر کرے گا ؟ جب تک کہ وہ مومن نہ ہو جائیں ‘ ۔ اور آیت میں ہے «وَلَوْ شَاءَ رَبٰکَ لَجَعَلَ النَّاسَ أُمَّۃً وَاحِدَۃً وَلَا یَزَالُونَ مُخْتَلِفِینَ» ’ اگر تیرا رب چاہتا تو تمام لوگوں کو ایک ہی امت بنا دیتا ‘ ۔ ۱؎ (11-ہود:118) یہ اختلاف دین ومذہب بھی اس کا مقرر کیا ہوا ہے اور اس کی حکمت کو ظاہر کرنے والا ہے اس نے رسول بھیج دئیے کتابیں اتاردیں اپنی دلیل وحجت قائم کر دی انسان کو ایمان لانے نہ لانے میں مختار کر دیا ۔ اب جس راہ پر وہ چاہے لگ جائے جب کبھی کوئی آسمانی کتاب نازل ہوئی بہت سے لوگوں نے اس سے منہ موڑ لیا ۔ «وَمَا أَکْثَرُ النَّاسِ وَلَوْ حَرَصْتَ بِمُؤْمِنِینَ» ’ تیری پوری آرزو کے باوجود اکثر لوگ بے ایمان ہی رہیں گے ‘ ۔ ۱؎ (12-یوسف:103) سورۃ یاسین میں فرمایا «یَا حَسْرَۃً عَلَی الْعِبَادِ مَا یَأْتِیہِم مِّن رَّسُولٍ إِلَّا کَانُوا بِہِ یَسْتَہْزِئُونَ» ’ بندوں پر افسوس ہے ان کے پاس جو بھی رسول آیا انہوں نے اس کا مذاق اڑایا ‘ ۔ ۱؎ (36-یس:30) اور آیت میں ہے «ثُمَّ أَرْسَلْنَا رُسُلَنَا تَتْرَیٰ کُلَّ مَا جَاءَ أُمَّۃً رَّسُولُہَا کَذَّبُوہُ فَأَتْبَعْنَا بَعْضَہُم بَعْضًا وَجَعَلْنَاہُمْ أَحَادِیثَ فَبُعْدًا لِّقَوْمٍ لَّا یُؤْمِنُونَ» ’ ہم نے پے در پے پیغمبر بھیجے لیکن جس امت کے پاس ان کا رسول آیا اس نے اپنے رسول کو جھٹلانے میں کمی نہ کی ‘ ۔ ۱؎ (23-المؤمنون:44) یہاں بھی اس کے بعد ہی فرمایا کہ ’ نبی آخرالزمان صلی اللہ علیہ وسلم کی قوم نے بھی اسے جھٹلایا ہے انہیں بھی اس کا بدلہ عنقریب مل جائے گا ان ظالموں کو بہت جلد معلوم ہو جائے گا کہ یہ کس راہ ڈالے گئے ہیں ؟ ‘ پھر اپنی شان وشوکت قدرت و عظمت عزت ورفعت بیان فرماتا ہے کہ ’ جس کے پیغام اور جس کے قاصد کو تم جھوٹا کہہ رہے ہو وہ اتنا بڑا قادر قیوم ہے کہ اسی ایک نے ساری زمین بنائی ہے اور اس میں جاندار اور بے جان چیزیں پیدا کی ہیں ۔ کھیت پھل باغ وبہار سب اسی کے پیدا کردہ ہیں ‘ ۔ شعبی رحمۃ اللہ فرماتے ہیں لوگ زمین کی پیداوار ہیں ان میں جو جنتی ہیں وہ کریم ہیں اور جو دوزخی ہیں وہ کنجوس ہیں ۔ اس میں قدرت خالق کی بہت سی نشانیاں ہیں یہ اس نے پھیلی ہوئی زمین کو اور اونچے آسمان کو پیدا کر دیا ۔ باوجود اس کے بھی اکثر لوگ ایمان نہیں لاتے بلکہ الٹا اس کے نبیوں کو جھوٹا کہتے ہیں اس کی کتابوں کو نہیں مانتے اس کے حکموں کی مخالفت کرتے ہیں اور اس کے منع کردہ کاموں میں دلچسپی لیتے ہیں ۔ بیشک تیرا رب ہرچیز پر غالب ہے اس کے سامنے مخلوق عاجز ہے ۔ ساتھ ہی وہ اپنے بندوں پر مہربان ہے نافرمانوں کے عذاب میں جلدی نہیں کرتا تاخیر اور ڈھیل دیتا ہے تاکہ وہ اپنے کرتوتوں سے باز آ جائیں لیکن پھر بھی جب وہ راہ راست پر نہیں آتے تو انہیں سختی سے پکڑلیتا ہے اور ان سے پورا انتقام لیتا ہے ہاں جو توبہ کرے اور اس کی طرف جھکے اور اس کا فرمانبردار ہو جائے وہ اس پر اس کے ماں باپ سے بھی زیادہ رحم و کرم کرتا ہے ۔