سورة مريم - آیت 85

يَوْمَ نَحْشُرُ الْمُتَّقِينَ إِلَى الرَّحْمَٰنِ وَفْدًا

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

جس دن ہم متقیوں (٥١) کو رحمن کے پاس بحیثیت مہمان جمع کریں گے۔

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

اللہ تعالٰی کے معزز مہمان جو لوگ اللہ کی باتوں پر ایمان لائے ، پیغمبروں کی تصدیق کی ، اللہ کی فرمانبرداری کی ، گناہوں سے بچے رہے ، پروردگار کا ڈر دل میں رکھا ، وہ اللہ کے ہاں بطور معزز مہمانوں کے جمع ہوں گے ۔ نورانی سانڈنیوں کی سواری پر آئیں گے اور خدائی مہمان خانے میں بہ عزت داخل کئے جائیں گے ۔ ان کے برخلاف بے ترس ، گنہگار ، رسولوں کے دشمن ، دھکے کھا کھا کر اوندھے منہ گھسٹتے ہوئے پیاس کے مارے زبان نکالے ہوئے جبراً قہراً جہنم کے پاس جمع کئے جائیں گے ۔ اب بتلاؤ کہ کون مرتبے والا اور کون اچھے ساتھیوں والا ہے ؟ مومن اپنی قبر سے منہ اٹھا کر دیکھے گا کہ اس کے سامنے ایک حسین خوبصورت شخص پاکیزہ پوشاک پہنے خوشبو سے مہکتا چمکتا دمکتا چہرہ لیے کھڑا ہے ، پوچھے گا تم کون ہو ؟ وہ کہے گا آپ نے پہچانا نہیں میں تو آپ کے نیک اعمال کا مجسمہ ہوں ۔ آپ کے عمل نورانی حسین اور مہکتے ہوئے تھے ، آئیے اب آپ کو میں اپنے کندھوں پر چڑھا کر بہ عزت و اکرام محشر میں لے چلوں گا کیونکہ دنیا کی زندگی میں میں آپ پر سوار رہا ہوں ۔ پس مومن اللہ کے پاس سواری پر سوار جائے گا ۔ ان کی سواری کے لیے نورانی اونٹ بھی مہیا ہوں گے ۔ یہ سب ہنسی خوشی آبرو عزت کے ساتھ جنت میں جائیں گے ۔ سیدنا علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں { وفد کا یہ دستور ہی نہیں کہ وہ پیدل آئے ۔ یہ متقی حضرات ایسی نورانی اونٹنیوں پر سوار ہوں گے کہ مخلوق کی نگاہوں میں ان سے بہتر کوئی سواری کبھی نہیں آئی ۔ ان کے پالان سونے کے ہوں گے ۔ یہ جنت کے دروازوں تک ان ہی سواریوں پر جائیں گے ۔ ان کی نکیلیں زبر جد کی ہونگی } ۔ ۱؎ (صحیح بخاری:4733) ایک مرفوع روایت میں ہے لیکن حدیث بہت ہی غریب ہے ۔ ابن ابی حاتم کی روایت ہے { سیدنا علی رضی اللہ عنہا فرماتے ہیں ، ایک دن ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بیٹھے ہوئے تھے ، میں نے اس آیت کی تلاوت کی اور کہا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم وفد تو سواری پر سوار آیا کرتا ہے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : { قسم اس اللہ کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کہ یہ پارسا لوگ قبروں سے اٹھائے جائیں گے اور اسی وقت سفید رنگ نورانی پردار اونٹنیاں اپنی سواری کے لیے موجود پائیں گے ، جن پر سونے کے پالان ہوں گے ، جن کے پیروں سے نور بلند ہو رہا ہو گا ، جو ایک ایک قدم اتنی دور رکھیں گی جہاں تک نگاہ کام کرے ۔ یہ ان پر سوار ہو کر ایک جنتی درخت کے پاس پہنچیں گے جہاں سے دو نہریں جاری دیکھیں گے ، ایک کا پانی پئیں گے جس سے ان کے دلوں کے میل دور ہو جائیں گے ۔ دوسری میں غسل کریں گے جس سے ان کے جسم نورانی ہو جائیں گے اور بال جم جائیں گے ۔ اس کے بعد نہ کبھی ان کے بال الجھیں نہ جسم میلے ہوں ، ان کے چہرے چمک اٹھیں گے اور یہ جنت کے دروازے پر پہنچیں گے ۔ سرخ یاقوت کا حلقہ سونے کے دروازے پر ہو گا جسے یہ کھٹکھٹائیں گے ، نہایت سریلی آواز اس سے نکلے گی اور حوروں کو معلوم ہو جائے گا کہ ان کے خاوند آ گئے ۔ خازن جنت آئیں گے اور دروازے کھولیں گے ، جنتی ان کے نورانی جسموں اور شگفتہ چہروں کو دیکھ کر سجدے میں گر پڑنا چاہیں گے لیکن وہ فوراً کہہ اٹھے گا کہ میں تو آپ کا تابع ہوں ، آپ کا حکم بردار ہوں ، اب ان کے ساتھ یہ چلیں گے ۔ ان کی حوریں تاب نہ لا سکیں گی اور خیموں سے نکل کر ان سے چمٹ جائیں گی اور کہیں گی کہ آپ ہمارے سرتاج ہیں ، ہمارے محبوب ہیں ، میں ہمیشہ آپ کی والی ہوں جو موت سے دور ہوں ، میں نعمتوں والی ہوں کہ کبھی میری نعمتیں ختم نہ ہوں گی ، میں خوش رہنے والی ہوں کہ کبھی نہ روٹھوں گی ، میں یہیں رہنے والی ہوں کہ کبھی آپ سے دور نہ ہوؤں گی } ۔ { یہ اندر داخل ہوں گے ، دیکھیں گے کہ سو سو گز بلند بالاخانے ہیں ، لولو اور موتیوں پر زرد سرخ سبز رنگ کی دیواریں سونے کی ہیں ۔ ہر دیوار ایک دوسرے کی ہم شکل ہے ۔ ہر مکان میں ستر تخت ہیں ، ہر تخت پر ستر حوریں ہیں ، ہر حور پر ستر جوڑے ہیں تاہم ان کی کمر جھلک رہی ہے ۔ ان کے جماع کی مقدار دنیا کی پوری ایک رات کے برابر ہو گی ۔ صاف شفاف پانی کی ، خالص دودھ کی جو جانوروں کے تھن سے نہیں نکلا ، بہترین خوش ذائقہ بےضرر شراب طہور کی جسے کسی انسان نے نہیں نچوڑا ، عمدہ خالص شہد کی جو مکھیوں کے پیٹ سے نہیں نکلا ، نہریں بہہ رہی ہوں گی ۔ پھلدار درخت میووں سے لدے ہوئے جھوم رہے ہوں گے ، چاہے کھڑے کھڑے میوے توڑ لیں چاہے بیٹھے بیٹھے چاہے لیٹے لیٹے ۔ سبز و سفید پرند اڑ رہے ہیں جس کا گوشت کھانے کو جی چاہا ، وہ خودبخود حاضر ہو گیا ، جہاں کا گوشت کھانا چاہا کھا لیا اور پھر وہ قدرت الٰہی سے زندہ چلا گیا ۔ چاروں طرف سے فرشتے آ رہے ہیں اور سلام کہہ رہے ہیں اور بشارتیں سنا رہے ہیں کہ تم پر سلامتی ہو ۔ یہی وہ جنت ہے جس کی تم خوشخبریاں دئیے جاتے رہے اور آج اس کے مالک بنا دئیے گئے ہو ۔ یہ ہے بدلہ تمہارے نیک اعمال کا جو تم دنیا میں کرتے رہے ۔ ان کی حوروں میں سے اگر کسی کا ایک بال بھی زمین پر ظاہر کر دیا جائے تو سورج کی روشنی ماند پڑ جائے } ۔ ۱؎ (سلسلۃ احادیث ضعیفہ البانی:6724:باطل و موضوع) یہ حدیث تو مرفوع بیان ہوئی ہے لیکن تعجب نہیں کہ یہ موقوف ہی ہو جیسے کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے اپنے قول سے بھی مروی ہے ۔ «وَاللہُ اَعْلَمُ» ۔ ٹھیک اس کے برعکس گنہگار لوگ اوندھے منہ زنجیروں میں جکڑے ہوئے جانوروں کی طرح دھکے دے کر جہنم کی طرف جمع کئے جائیں گے ، اس وقت پیاس کے مارے ان کی حالت بری ہو رہی ہوگی ۔ کوئی ان کی شفاعت کرنے والا ، ان کے حق میں ایک بھلا لفظ نکالنے والا نہ ہوگا ۔ مومن تو ایک دوسرے کی شفاعت کریں گے لیکن یہ بدنصیب اس سے محروم ہیں ۔ یہ خود کہیں گے کہ «فَمَا لَنَا مِنْ شَافِعِیْنَ وَلَا صَدِیقٍ حَمِیمٍ» ۱؎ (26-الشعراء:101،100) ’ ہمارا کوئی سفارشی نہیں ، نہ سچا دوست ہے ‘ ۔ ہاں جنہوں نے اللہ سے عہد لے لیا ہے ، یہ استثنا منقطع ہے ۔ مراد اس عہد سے اللہ کی توحید کی گواہی اور اس پر استقامت ہے یعنی صرف اللہ کی عبادت ، دوسروں کی پوجا سے بیزاری اور لاتعلقی ، صرف اسی سے مدد کی امید ، تمام آرزوؤں کے پورا ہونے کی اسی سے آس ۔ سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں ، ان موحدین نے اللہ کا وعدہ حاصل کر لیا ہے ۔ قیامت کے دن اللہ تعالیٰ فرمائے گا کہ ’ جس سے میرا عہد ہے ، وہ کھڑا ہو جائے ‘ ۔ لوگوں نے کہا ہمیں بھی وہ بتا دیجئیے ، آپ نے فرمایا یوں کہو « اللہُمَّ فَاطِرَ‌ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْ‌ضِ عَالِمَ الْغَیْبِ وَالشَّہَادَۃِ فَإِنِّی أَعْہَد إِلَیْک فِی ہَذِہِ الْحَیَاۃ الدٰنْیَا أَنْ لَا تَکِلنِی إِلَی عَمَل یُقَرِّبنِی مِنْ الشَّرّ وَیُبَاعِدنِی مِنْ الْخَیْر وَإِنِّی لَا أَثِق إِلَّا بِرَحْمَتِک فَاجْعَلْ لِی عِنْدک عَہْدًا تُؤَدِّیہ إِلَیَّ یَوْم الْقِیَامَۃ إِنَّک لَا تُخْلِف الْمِیعَاد» اور روایت میں اس کے ساتھ یہ بھی ہے «خَائِفًا مُسْتَجِیرًا مُسْتَغْفِرًا رَاہِبًا رَاغِبًا إِلَیْک» (ابن ابی حاتم) ۔