وَمِنَ اللَّيْلِ فَتَهَجَّدْ بِهِ نَافِلَةً لَّكَ عَسَىٰ أَن يَبْعَثَكَ رَبُّكَ مَقَامًا مَّحْمُودًا
اور رات کے کچھ حصے میں نماز تہجد (٤٨) میں قرآن پڑھیئے یہ آپ کے لیے زائد نماز ہوگی، امید ہے کہ آپ کا رب آپ کو مقام محمود پر پہنچا دے گا۔
مقام محمود کا تعارف یہ مقام محمود ہے جس کا ذکر اللہ عز و جل نے اس آیت میں کیا ہے ۔ پس یہ مقام مقام شفاعت ہے ۔ قتادہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں قیامت کے دن سب سے پہلے زمین سے آپ باہر آئیں گے ۔ اور سب سے پہلے شفاعت آپ ہی کریں گے ۔ اہل علم کہتے ہیں کہ یہی مقام محمود ہے جس کا وعدہ اللہ کریم نے اپنے رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سے کیا ہے ۔ بیشک نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بہت سی بزرگیاں ایسی ملیں گی جن میں کوئی آپ کی برابری کا نہیں ۔ سب سے پہلے آپ ہی کی قبر کی زمین شق ہو گی اور آپ سواری پر سوار محشر کی طرف جائیں گے ۔ آپ کا ایک جھنڈا ہو گا کہ آدم علیہ السلام سے لے کر سب کے سب اس کے نیچے ہوں گے ۔ آپ کو حوض کوثر ملے گا جس پر سب سے زیادہ لوگ وارد ہوں گے ۔ بہت بڑی شفاعت آپ کی ہو گی کہ اللہ عز و جل مخلوق کے فیصلوں کے لیے آئے ۔ اور یہ اس کے بعد ہو گی کہ لوگ آدم علیہ السلام ، نوح علیہ السلام ، ابراہیم علیہ السلام ، موسیٰ علیہ السلام اور عیسیٰ علیہ السلام کے پاس ہو آئیں اور سب انکار کر دیں ۔ پھر آپ کے پاس آئیں گے اور آپ اس کے لیے تیار ہوں گے جیسے کہ اس کی حدیثیں مفصل آ رہی ہیں ، ان شاءاللہ ۔ آپ ان لوگوں کی شفاعت کریں گے جن کی بابت حکم ہو چکا ہو گا کہ انہیں جہنم کی طرف لے جائیں ۔ پھر وہ آپ کی شفاعت سے واپس لوٹا دیئے جائیں گے ، سب سے پہلے آپ ہی کی امت کے فیصلے کیے جائیں گے ، آپ ہی اپنی امت سمیت سب سے پہلے پل صراط سے پار ہوں گے ، آپ ہی جنت میں لے جانے کے پہلے سفارشی ہوں گے ۔ جیسے کہ صحیح مسلم کی حدیث سے ثابت ہے ۔ صور کی حدیث میں ہے کہ { تمام مومن آپ ہی کی شفاعت سے جنت میں جائیں گے ۔ سب سے پہلے آپ جنت میں جائیں گے اور آپ کی امت اور امتوں سے پہلے جائے گی ۔ آپ کی شفاعت سے کم درجے کے جنتی اعلی اور بلند درجے پائیں گے ۔ آپ ہی صاحب وسیلہ ہیں جو جنت کی سب سے اعلی منزل ہے جو آپ کے سوا کسی اور کو نہیں ملنے کی ۔ } یہ صحیح ہے کہ بحکم الٰہی گنہگاروں کی شفاعت فرشتے بھی کریں گے ، نبی بھی کریں گے ، مومن بھی کریں گے لیکن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت جس قدر لوگوں کے بارے میں ہوگی ان کی گنتی کا سوائے اللہ تعالیٰ کے کسی کو علم نہیں ، اس میں کوئی آپ کی مثل اور برابر نہیں ۔ کتاب السیرت کے آخر میں باب الخصائص میں میں نے اسے خوب تفصیل سے بیان کیا ہے ، «والْحَمْدُ لِلّٰہ» ۔ اب مقام محمود کے بارے کی حدیثیں سنئے ۔ اللہ ہماری مدد کرے ۔ بخاری میں ہے { سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں لوگ قیامت کے دن گھٹنوں کے بل گرے ہوئے ہوں گے ، ہر امت اپنے نبی کے پیچھے ہو گی کہ اے فلاں ہماری شفاعت کیجئے ، اے فلاں ہماری شفاعت کیجئے یہاں تک کہ شفاعت کی انتہا محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف ہوگی ۔ پس یہی وہ ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو مقام محمود پر کھڑا کرے گا ۔ } ۱؎ (صحیح بخاری:4718) ابن جریر میں ہے { نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں سورج بہت نزدیک ہوگا یہاں تک کہ پسینہ آدھے کانوں تک پہنچ جائے گا ، اسی حالت میں لوگ آدم علیہ السلام سے فریاد کریں گے ، وہ صاف انکار کر دیں گے ، پھر موسیٰ علیہ السلام سے کہیں گے آپ یہی جواب دیں گے کہ میں اس قابل نہیں ، پھر محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے کہیں گے آپ مخلوق کی شفاعت کے لیے چلیں گے یہاں تک کہ جنت کے دروازے کا کنڈا تھام لیں گے ، پس اس دن اللہ تعالیٰ آپ کو مقام محمود پر پہنچائے گا ۔ ۱؎ (تفسیر ابن جریر الطبری:22637) بخاری کی اس روایت کے آخر میں یہ بھی ہے کہ { اہل محشر سب کے سب اس وقت آپ کی تعریفیں کریں گے ۔ } ۱؎ (صحیح بخاری:1475) بخاری میں ہے » جو شخص اذان سن کر دعا « اَللّٰہُمَّ رَبَّ ہٰذِہِ الدَّعْوَۃِ التَّآمَّۃِ وَالصَّلَاۃِ الْقَآئِمَۃِ اٰتِ سَیِدَنَا مُحَمَّدَ نِ الْوَسِیْلَۃَ وَالْفَضِیْلَۃَ وَالدَّرَجَۃَ الرَّفِیْعَۃَ وَابْعَثْہُ مَقَامًا مَّحْمُوْدَ نِ الَّذِیْ وَعَدْتَّہُ وَارْزُقْنَا شَفَاعَتَہُ یَوْمَ الْقِیٰمَۃِ ط اِنَّکَ لَا تُخْلِفُ الْمِیعَادَ »پڑھ لے اس کے لیے قیامت کے دن میری شفاعت حلال ہے ۔ } ۱؎ (صحیح بخاری:614) مسند احمد میں ہے { نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں قیامت کے دن میں نبیوں کا امام اور ان کا خطیب اور ان کا سفارشی ہوں گا ، میں یہ کچھ بطور فخر کے نہیں کہتا ۔ } ۱؎ (سنن ترمذی:3613،قال الشیخ الألبانی:حسن) اسے ترمذی بھی لائے ہیں اور حسن صحیح کہا ہے ۔ ابن ماجہ میں بھی یہ ہے ۔ سیدنا ابی بن کعب رضی اللہ عنہ سے وہ حدیث گزر چکی ہے جس میں قرآن کو سات قرأتوں پر پڑھنے کا بیان ہے ، اس کے آخر میں ہے کہ { میں [ صلی اللہ علیہ وسلم ] نے کہا اے اللہ میری امت کو بخش ، الٰہی میری امت کو بخش ، تیسری دعا میں نے اس دن کے لیے اٹھا رکھی ہے ، جس دن تمام مخلوق میری طرف رغبت کرے گی ، یہاں تک کہ ابراہیم علیہ السلام بھی ۔ } ۱؎ (صحیح مسلم:820) مسند احمد میں ہے کہ { مومن قیامت کے دن جمع ہوں گے ، پھر ان کے دل میں خیال ڈالا جائے گا کہ ہم کسی سے کہیں کہ وہ ہماری سفارش کرکے ہمیں اس جگہ سے آرام دے ، پس سب کے سب آدم علیہ السلام کے پاس آئیں گے اور کہیں گے کہ اے آدم آپ تمام انسانوں کے باپ ہیں ، اللہ تعالیٰ نے آپ کو اپنے ہاتھ سے پیدا کیا ، آپ کے لیے اپنے فرشتوں سے سجدہ کرایا ، آپ کو تمام چیزوں کے نام بتائے ، آپ اپنے رب کے پاس ہماری سفارش لے جائیے تاکہ ہمیں اس جگہ سے راحت ملے ، آدم علیہ السلام جواب دیں گے کہ میں اس قابل نہیں ہوں ، آپ کو اپنا گناہ یاد آ جائے گا اور اللہ تعالیٰ سے شرمانے لگیں گے ۔ فرمائیں گے تم نوح علیہ السلام کے پاس جاؤ ، وہ اللہ کے پہلے رسول ہیں جنہیں زمین والوں کی طرف اللہ پاک نے بھیجا ، یہ آئیں گے یہاں سے بھی جواب پائیں گے کہ میں اس کے لائق نہیں ہوں ، آپ کو بھی اپنی خطا یاد آئے گی کہ اللہ سے وہ سوال کیا تھا جس کا آپ کو علم نہ تھا ۔ پس اپنے پروردگار سے شرمائیں گے اور فرمائیں گے تم ابراہیم خلیل الرحمن علیہ السلام کے پاس جاؤ ، وہ آپ کے پاس آئیں گے آپ فرمائیں گے ، میں اس قابل نہیں تم موسیٰ علیہ السلام کے پاس جاؤ ، ان سے اللہ نے کلام کیا ہے اور انہیں تورات دی ہے ۔ لوگ موسیٰ علیہ السلام کے پاس آئیں گے لیکن وہ کہیں گے مجھ میں اتنی قابلیت کہاں ؟ پھر آپ اس قتل کا ذکر کریں گے جو بغیر کسی مقتول کے معاوضے کے آپ نے کر دیا تھا پس بوجہ اس کے شرمانے لگیں گے اور کہیں گے تم عیسیٰ علیہ السلام کے پاس جاؤ جو اللہ کے بندے ، اس کا کلمہ اور اس کی روح ہے ۔ وہ یہاں آئیں گے لیکن آپ فرمائیں گے میں اس جگہ کے قابل نہیں ہوں ۔ تم محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جاؤ جن کے اول آخر تمام گناہ بخش دئے گئے ہیں ۔ } { پس وہ سب میرے پاس آئیں گے ۔ میں کھڑا ہوں گا ، اپنے رب سے اجازت چاہوں گا ، جب اسے دیکھوں گا تو سجدے میں گر پڑوں گا ، جب تک اللہ کو منظور ہوگا میں سجدے میں ہی رہوں گا ۔ پھر فرمایا جائے گا ، اے محمد [ صلی اللہ علیہ وسلم ] سر اٹھائیے ، کہئے سنا جائے گا ، شفاعت کیجئے قبول کی جائے گی ، مانگئے دیا جائے گا ، پس میں سر اٹھاؤں گا اور اللہ کی وہ تعریفیں کروں گا جو وہ مجھے سکھائے گا ۔ پھر میں سفارش پیش کروں گا ، میرے لیے ایک حد مقرر کر دی جائے گی ، میں انہیں جنت میں پہنچا آؤں گا ۔ پھر دوبارہ جناب باری میں حاضر ہو کر اپنے رب کو دیکھ کر سجدے میں گر پڑوں گا ، جب تک وہ چاہے مجھے سجدے میں ہی رہنے دے گا ۔ پھر فرمایا جائے گا کہ اے محمد [ صلی اللہ علیہ وسلم ] سر اٹھاؤ ، کہو سنا جائے گا ، سوال کرو دیا جائے گا ، شفاعت کرو قبول ہو گی ۔ پس میں سر اٹھا کر اپنے رب کی وہ حمد بیان کروں گا جو وہ مجھے سکھائے گا ، پھر میں شفاعت کروں گا تو میرے لیے ایک حد مقرر کر دی جائے گی میں انہیں بھی جنت میں پہنچا آؤں گا ۔ پھر تیسری مرتبہ لوٹوں گا اپنے رب کو دیکھتے ہی سجدے میں گر پڑوں گا ، جب تک وہ چاہے اسی حالت میں پڑا رہوں گا ، پھر فرمایا جائے گا کہ محمد [ صلی اللہ علیہ وسلم ] سر اٹھا ، بات کر سنی جائے گی ۔ سوال کر عطا فرمایا جائے گا ۔ سفارش کر قبول کی جائے گی ۔ چنانچہ میں سر اٹھا کر وہ حمد بیان کرکے جو مجھے وہی سکھائے گا سفارش کروں گا ۔ پھر چوتھی بار واپس آؤں گا اور کہوں گا باری تعالیٰ اب تو صرف وہی باقی رہ گئے ہیں جنہیں قرآن نے روک لیا ہے ۔ فرماتے ہیں ، جہنم میں سے وہ شخص بھی نکل آئے گا جس نے «لا الہ الا اللہ» کہا اور اس کے دل میں ایک ذرے جتنا ایمان ہو ۔ } ۱؎ (صحیح بخاری:4476) یہ حدیث مسلم میں بھی ہے ۔ مسند احمد میں ہے { آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں میری امت پل صراط سے گزر رہی ہو گی ، میں وہیں کھڑا دیکھ رہا ہوں گا کہ میرے پاس عیسیٰ علیہ السلام آئیں گے اور فرمائیں گے اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم انبیاء کی جماعت آپ سے کچھ مانگتی ہے ، وہ سب آپ کے لیے جمع ہیں اور اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ تمام امتوں کو جہاں بھی چاہے ، الگ الگ کر دے ، اس وقت وہ سخت غم میں ہیں ، تمام مخلوق پسینوں میں گویا لگام چڑھا دی گئی ہے ۔ مومن پر تو وہ مثل زکام کے ہے لیکن کافر پر تو موت کا ڈھانپ لینا ہے ۔ آپ فرمائیں گے کہ ٹھیرو میں آتا ہوں ، پس آپ جائیں گے عرش تلے کھڑے رہیں گے اور وہ عزت و آبرو ملے گی کہ کسی برگزیدہ فرشتے اور کسی بھیجے ہوئے نبی رسول علیہم السلام کو نہ ملی ہو ، پھر اللہ تعالیٰ جبرائیل علیہ السلام کی طرف وحی کرے گا کہ محمد [ صلی اللہ علیہ وسلم ] کے پاس جاؤ اور کہو کہ آپ سر اٹھائیے ، مانگئے ، ملے گا ، سفارش کیجئے ، قبول ہوگی ، پس مجھے اپنی امت کی شفاعت ملے گی کہ ہر ننانوے میں سے ایک نکال لاؤں ، میں باربار اپنے رب عز و جل کی طرف آتا جاتا رہوں گا اور ہر بار سفاش کروں گا ، یہاں تک کہ جناب باری مجھ سے ارشاد فرمائے گا کہ اے محمد [ صلی اللہ علیہ وسلم ] جاؤ مخلوق الٰہی میں سے جس نے ایک دن بھی خلوص کے ساتھ «لا الہ الا اللہ» کی گواہی دی ہو اور اسی پر مرا ہو ، اسے بھی جنت میں پہنچا آؤ ۔ ۱؎ (مسند احمد:178/3:صحیح) مسند احمد میں ہے { سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے پاس گئے ، اس وقت ایک شخص کچھ کہہ رہا تھا ، انہوں نے بھی کچھ کہنے کی اجازت مانگی ، سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے اجازت دی ۔ آپ کا خیال یہ تھا کہ جو کچھ یہ پہلا شخص کہہ رہا ہے وہی سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ بھی کہیں گے ۔ سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا ، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں ، مجھے اللہ تعالیٰ سے امید ہے کہ زمین پر جتنے درخت اور کنکر ہیں ، ان کی گنتی کے برابر لوگوں کی شفاعت میں کروں گا ، پس اے معاویہ [ رضی اللہ عنہ ] آپ کو تو اس کی امید ہو اور علی [ رضی اللہ عنہ ] اس سے ناامید ہوں ؟ ۱؎ (مسند احمد:437/5:ضعیف) مسند احمد میں ہے کہ { ملیکہ کے دونوں لڑکے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور کہنے لگے ہماری ماں ہمارے والد کی بڑی ہی عزت کرتی تھیں ، بچوں پر بڑی مہربانی اور شفقت کرتی تھیں ، مہمانداری میں کوئی دقیقہ اٹھا نہ رکھتی تھیں ۔ ہاں انہوں نے جاہلیت کے زمانے میں اپنی زندہ لڑکیاں درگور کر دی تھیں ، آپ نے فرمایا پھر وہ جہنم میں پہنچی ۔ وہ دونوں ملول خاطر ہو کر لوٹے تو آپ نے حکم دیا کہ انہیں واپس بلا لاؤ وہ لوٹے اور ان کے چہروں پر خوشی تھی کہ اب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کوئی اچھی بات سنائیں گے ۔ آپ نے فرمایا سنو میری ماں اور تمہاری ماں دونوں ایک ساتھ ہی ہیں ، ایک منافق یہ سن کر کہنے لگا کہ اس سے اس کی ماں کو کیا فائدہ ؟ ہم اس کے پیچھے جاتے ہیں ۔ ایک انصاری جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سب سے زیادہ سوالات کرنے کا عادی تھا ، کہنے لگایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کیا اس کے یا ان دونوں کے بارے میں آپ سے اللہ تعالیٰ نے کوئی وعدہ کیا ہے ؟ آپ سمجھ گئے کہ اس نے کچھ سنا ہے ، فرمانے لگے نہ میرے رب نے چاہا نہ مجھے اس بارے میں کوئی طمع دی ۔ } { سنو میں قیامت کے دن مقام محمود پر پہنچایا جاؤں گا ۔ انصاری نے کہا وہ کیا مقام ہے ؟ آپ نے فرمایا یہ اس وقت جب کہ تمہیں ننگے بدن بے ختنہ لایا جائے گا ۔ سب سے پہلے ابراہیم علیہ السلام کو کپڑے پہنائے جائیں گے ۔ اللہ تعالیٰ فرمائے گا میرے خلیل کو کپڑے پہناؤ ۔ پس دو چادریں سفید رنگ کی پہنائی جائیں گی اور آپ عرش کی طرف منہ کئے بیٹھ جائیں گے ۔ پھر میرا لباس لایا جائے گا ، میں ان کی دائیں طرف اس جگہ کھڑا ہوں گا کہ تمام اگلے پچھلے لوگ رشک کریں گے اور کوثر سے لے کر حوض تک ان کے لیے کھول دیا جائے گا ، منافق کہنے لگے پانی کے جاری ہونے کے لیے تو مٹی اور کنکر لازمی ہیں ، آپ نے فرمایا اس کی مٹی مشک ہے اور کنکر موتی ہیں ۔ اس نے کہا ، ہم نے تو کبھی ایسا نہیں سنا ۔ اچھا پانی کے کنارے درخت بھی ہونے چاہیئں ۔ انصاری نے کہا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کیا وہاں درخت بھی ہوں گے ؟ آپ نے فرمایا ہاں سونے کی شاخوں والے ۔ منافق نے کہا آج جیسی بات تو ہم نے کبھی نہیں سنی ۔ اچھا درختوں میں پتے اور پھل بھی ہونے چاہئیں ۔ انصاری نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا کہ کیا ان درختوں میں پھل بھی ہوں گے ؟ آپ نے فرمایا ہاں رنگا رنگ کے جواہر ، اس کا پانی دودھ سے زیادہ سفید ہوگا اور شہد سے زیادہ میٹھا ہوگا ۔ ایک گھونٹ بھی جس نے اس میں سے پی لیا ، وہ کبھی بھی پیاسا نہ ہوگا اور جو اس سے محروم رہ گیا ، وہ پھر کبھی آسودہ نہ ہو گا ۔ } ۱؎ (مسند احمد:398/1:ضعیف) ابوداؤد طیالسی میں ہے کہ { پھر اللہ تعالیٰ عز و جل شفاعت کی اجازت دے گا ، پس روح القدس جبرائیل علیہ السلام کھڑے ہوں گے ، پھر ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام کھڑے ہوں گے ، پھر عیسیٰ یا موسیٰ علیہم السلام کھڑے ہوں گے ، پھر چوتھے تمہارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کھڑے ہوں گے ، آپ سے زیادہ کسی کی شفاعت نہ ہوگی ، یہی مقام محمود ہے جس کا ذکر اس آیت میں ہے ۔ } ۱؎ (تفسیر ابن جریر الطبری:144/15:ضعیف) مسند احمد میں ہے کہ { لوگ قیامت کے دن اٹھائے جائیں گے ، میں [ صلی اللہ علیہ وسلم ] اپنی امت سمیت ایک ٹیلے پر کھڑا ہوں گا ، مجھے اللہ تعالیٰ سبز رنگ کا حلہ پہنائے گا ، پھر مجھے اجازت دی جائے گی اور جو کچھ کہنا چاہوں گا ، کہوں گا یہی مقام محمود ہے جس کا ذکر اس آیت میں ہے ۔ } ۱؎ (مسند احمد:456/13:صحیح) مسند احمد میں ہے کہ { قیامت کے دن سب سے پہلے مجھے سجدہ کرنے کی اجازت دی جائے گی اور مجھے ہی سب سے پہلے سر اٹھانے کی اجازت ملے گی ، میں اپنے آگے پیچھے دائیں بائیں دیکھ کر اپنی امت کو اور امتوں میں پہچان لوں گا ، کسی نے پوچھا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور ساری امتیں جو نوح کے وقت تک کی ہوں گی ان سب میں سے آپ خاص اپنی امت کیسے پہچان لیں گے ؟ آپ نے فرمایا وضو کے اثر سے ، ان کے ہاتھ پاؤں منہ چمک رہے ہوں گے ان کے سوا اور کوئی ایسا نہ ہو گا اور میں انہیں یوں پہچان لوں گا کہ ان کے نامہ اعمال ان کے دائیں ہاتھ میں ملیں گے اور نشان یہ ہے کہ ان کی اولادیں ان کے آگے آگے چل پھر رہی ہوں گی ۔ } ۱؎ (مسند احمد:199/5:صحیح لغیرہ) مسند احمد میں ہے { نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس گوشت لایا گیا اور شانے کا گوشت چونکہ آپ کو زیادہ مرغوب تھا ، وہی آپ کو دیا گیا ، آپ اس میں سے گوشت توڑ توڑ کر کھانے لگے اور فرمایا قیامت کے دن تمام لوگوں کا سردار میں ہوں ۔ اللہ تعالیٰ تمام اگلوں پچھلوں کو ایک ہی میدان میں جمع کرے گا ، آواز دینے والا انہیں سنائے گا ۔ نگاہیں اوپر کو چڑھ جائیں گی ، سورج بالکل نزدیک ہو جائے گا اور لوگ ایسی سختی اور رنج و غم میں مبتلا ہو جائیں گے جو ناقابل برداشت ہے ۔ اس وقت وہ آپس میں کہیں گے کہ دیکھو تو سہی ہم سب کس مصیبت میں مبتلا ہیں ، چلو کسی سے کہہ کر اسے سفارشی بنا کر اللہ تعالیٰ کے پاس بھیجیں ۔ } { چنانچہ مشورہ سے طے ہو گا اور لوگ آدم علیہ السلام کے پاس جائیں گے اور کہیں گے آپ تمام انسانوں کے باپ ہیں اللہ تعالیٰ نے آپ کو اپنے ہاتھ سے پیدا کیا ہے ، آپ میں اپنی روح پھونکی ہے ، اپنے فرشتوں کو آپ کے سامنے سجدہ کرنے کا حکم دے کر ان سے سجدہ کرایا ہے ۔ آپ کیا ہماری خستہ حالی ملاحظہ نہیں فرما رہے ؟ آپ پروردگار سے شفاعت کی دعا کیجئے ۔ آدم علیہ السلام جواب دیں گے کہ میرا رب آج اس قدر غضبناک ہو رہا ہے کہ کبھی اس سے پہلے ایسا غضبناک نہیں ہوا اور نہ اس کے بعد کبھی ہو گا ۔ اللہ تعالیٰ نے مجھے ایک درخت سے روکا تھا ، لیکن مجھ سے نافرمانی ہو گئی ۔ آج تو مجھے خود اپنا خیال لگا ہوا ہے ۔ نفسا نفسی لگی ہوئی ہے ۔ تم کسی اور کے پاس جاؤ ، نوح علیہ السلام کے پاس جاؤ ۔ لوگ وہاں سے نوح علیہ السلام کے پاس آئیں گے اور کہیں گے کہ اے نوح علیہ السلام آپ کو زمین والوں کی طرف سب سے پہلے اللہ تعالیٰ نے رسول بناکر بھیجا ۔ آپ کا نام اس نے شکر گزار بندہ رکھا ۔ آپ ہمارے لیے اپنے رب کے پاس شفاعت کیجئے ، دیکھئیے تو ہم کس مصیبت میں مبتلا ہیں ؟ نوح علیہ السلام جواب دیں گے کہ آج تو میرا پروردگار اس قدر غضبناک ہے کہ اس سے پہلے کبھی ایسا غصے ہوا نہ اس کے بعد کبھی ایسا غصے ہوگا ۔ میرے لیے ایک دعا تھی جو میں نے اپنے قوم کے خلاف مانگ لی ، مجھے تو آج اپنی پڑی ہے نفسا نفسی لگ رہی ہے تم کسی اور کے پاس جاؤ ۔ ابراہیم علیہ السلام کے پاس جاؤ ۔ } { لوگ ابراہیم علیہ السلام کے پاس جائیں گے اور کہیں گے ، آپ نبی اللہ ہیں ، آپ خلیل اللہ ہیں ، کیا آپ ہماری یہ بپتا نہیں دیکھتے ؟ ابراہیم علیہ السلام فرمائیں گے کہ میرا رب آج اس قدر غضبناک ہے کہ کبھی اس سے پہلے ایسا ناراض ہوا اور نہ اس کے بعد کبھی اس سے زیادہ غصے میں آئے گا ، پھر آپ اپنے جھوٹ یاد کرکے نفسی نفسی کرنے لگیں گے اور فرمائیں گے میرے سوا کسی اور کے پاس جاؤ ۔ موسیٰ علیہ السلام کے پاس جاؤ ۔ لوگ موسیٰ علیہ السلام کے پاس جائیں گے اور کہیں گے اے موسیٰ علیہ السلام ہماری شفاعت لے جائیے ، دیکھئیے تو کیسی سخت آفت میں ہیں ؟ آپ فرمائیں گے آج تو میرا رب اس قدر ناراض ہے ایسا کہ اس سے پہلے کبھی ایسا ناراض نہیں ہوا اور نہ کبھی اس کے بعد ایسا ناراض ہو گا ، میں نے اللہ تعالیٰ کے حکم کے بغیر ایک انسان کو مار ڈالا تھا ۔ نفسی نفسی نفسی تم مجھے چھوڑو کسی اور سے کہو تم عیسیٰ علیہ السلام کے پاس چلے جاؤ ۔ لوگ عیسیٰ علیہ السلام کے پاس آئیں گے اور کہیں گے اے عیسیٰ علیہ السلام آپ رسول اللہ ، کلمۃ اللہ اور روح اللہ ہیں جو مریم علیہ السلام کی طرف بھیجی گئی ، بچپن میں گہوارے میں ہی آپ نے بولنا شروع کر دیا تھا ، جائیے ہمارے رب سے ہماری شفاعت کیجئے خیال تو فرمائیے کہ ہم کس قدر بے چین ہیں ؟ عیسیٰ علیہ السلام جواب دیں گے کہ آج جیسا غصہ تو نہ پہلے تھا ، نہ بعد میں ہو گا ، نفسی نفسی نفسی ، آپ اپنے کسی گناہ کا ذکر نہ کریں گے ۔ فرمائیں گے تم کسی اور ہی کے پاس جاؤ ۔ دیکھو میں بتاؤں تم سب محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جاؤ ۔ } { چنانچہ وہ سب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئیں گے اور کہیں گے اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم آپ رسول اللہ ہیں ، آپ خاتم الانبیاء ہیں ، اللہ تعالیٰ نے آپ کے تمام اگلے پچھلے گناہ معاف فرما دئے ہیں ۔ آپ ہماری شفاعت کیجئے ، دیکھئیے تو ہم کیسی سخت بلاؤں میں گھرے ہوئے ہیں ، پھر میں کھڑا ہوں گا اور عرش تلے آکر اپنے رب عز و جل کے سامنے سجدے میں گر پڑوں گا ۔ پھر اللہ تعالیٰ مجھ پر اپنی حمد و ثنا کے وہ الفاظ کھولے گا جو مجھ سے پہلے کسی اور پر نہیں کھلے تھے ۔ پھر مجھ سے فرمایا جائے گا اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم اپنا سر اٹھاؤ ، مانگو ، تمہیں ملے گا ، شفاعت کرو ، منظور ہو گی ۔ میں اپنا سر سجدے سے اٹھاؤں گا اور کہوں گا میرے پروردگار میری امت ، میرے رب میری امت ، اے اللہ میری امت ، پس مجھ سے فرمایا جائے گا ، جاؤ اپنی امت میں سے ان لوگوں کو جن پر حساب نہیں جنت میں لے جاؤ ، انہیں جنت کے داہنی طرف کے دروازے سے پہنچاؤ لیکن اور تمام دروازوں سے بھی روک نہیں ۔ اس اللہ کی قسم جس کے ہاتھ میں محمد [ صلی اللہ علیہ وسلم ] کی جان ہے ، جنت کی دو چوکھٹوں کے درمیان اتنا فاصلہ ہے جتنا مکہ اور حمیر میں یا مکہ اور بصریٰ میں ۔ } ۱؎ (صحیح بخاری:3340) یہ حدیث بخاری و مسلم میں بھی ہے ۔ مسلم شریف میں ہے { قیامت کے دن اولاد آدم کا سردار میں ہوں گا ، اس دن سب سے پہلے میری قبر کی زمین شق ہوگی ، میں ہی پہلا شفیع ہوں اور پہلا شفاعت قبول کیا گیا ۔ } ۱؎ (صحیح مسلم:2278) ابن جریر میں ہے کہ { نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے اس آیت کا مطلب پوچھا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا یہ شفاعت ہے ۔ } ۱؎ (تفسیر ابن جریر الطبری:22634:ضعیف) مسند احمد میں ہے { مقام محمود وہ مقام ہے ، جس میں میں اپنی امت کی شفاعت کروں گا ۔ } ۱؎ (مسند احمد:441/2:حسن لغیرہ) عبدالرزاق میں ہے کہ { قیامت کے دن کھال کی طرح اللہ تعالیٰ زمین کو کھینچ لے گا ، یہاں تک کہ ہر شخص کے لیے صرف اپنے دونوں قدم ٹکانے کی جگہ ہی رہے گی ، سب سے پہلے مجھے طلب کیا جائے گا ۔ جبرائیل علیہ السلام اللہ رحمن تبارک و تعالیٰ کے دائیں طرف ہوں گے ۔ اللہ کی قسم اس سے پہلے اسے اس نے نہیں دیکھا ۔ میں کہوں گا کہ باری تعالیٰ اس فرشتے نے مجھ سے کہا تھا کہ اسے تو میری طرف بھیج رہا تھا ، اللہ تعالیٰ عز و جل فرمائے گا اس نے سچ کہا اب میں یہ کہہ کر شفاعت کروں گا کہ اے اللہ تیرے بندوں نے زمین کے مختلف حصوں میں تیری عبادت کی ہے ، آپ فرماتے ہیں یہی مقام محمود ہے ۔ } ۱؎ (تفسیر ابن جریر الطبری:22639:مرسل) یہ حدیث مرسل ہے ۔