قُلْ أَتُحَاجُّونَنَا فِي اللَّهِ وَهُوَ رَبُّنَا وَرَبُّكُمْ وَلَنَا أَعْمَالُنَا وَلَكُمْ أَعْمَالُكُمْ وَنَحْنُ لَهُ مُخْلِصُونَ
آپ کہہ دیجئے کہ کیا تم لوگ ہم سے اللہ کے بارے میں جھگڑتے (٢٠٢) ہو، حالانکہ وہی ہمارا اور تمہارا رب ہے اور ہمارے اعمال ہمیں کام آئیں گے اور تمہارے اعمال تمہیں اور ہم نے اپنی بندگی اسی کے لیے خاص کردی ہے
مشرکین کے اعمال پر بیزاری مشرکوں کے جھگڑے کو دفع کرنے کا حکم رب العالمین اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو دے رہا ہے کہ “ تم ہم سے اللہ کی توحید ، اخلاص ، اطاعت وغیرہ کے بارے میں کیوں جھگڑتے ہو ؟ وہ صرف ہمارا ہی نہیں بلکہ تمہارا رب بھی تو ہے ، ہم پر اور تم پر قابض و متصرف بھی وہی اکیلا ہے ۔ ہمارے عمل ہمارے ساتھ ہیں وہ تمہارے عمل تمہیں کام آئیں گے ، ہم تم سے اور تمہارے شرک سے بیزار ہیں “ اور جگہ فرمایا آیت «وَإِن کَذَّبُوکَ فَقُل لِّی عَمَلِی وَلَکُمْ عَمَلُکُمْ أَنتُم بَرِیئُونَ مِمَّا أَعْمَلُ وَأَنَا بَرِیءٌ مِّمَّا تَعْمَلُونَ» الخ یعنی ” اگر یہ تجھے جھٹلائیں تو تو کہہ دے کہ میرے لیے میرا عمل ہے اور تمہارے لیے تمہارا عمل ہے تم میرے ( نیک ) کام سے اور میں تمہارے اعمال سے بیزار ہوں ۔ “ اور جگہ ارشاد ہے آیت «حَاجٰوْکَ فَقُلْ اَسْلَمْتُ وَجْہِیَ لِلہِ وَمَنِ اتَّبَعَنِ» ( 3 ۔ آل عمران : 20 ) ” اگر یہ تجھ سے جھگڑیں تو تو کہہ دے میں نے اور میرے ماننے والوں نے اپنے منہ اللہ کی طرف کر دئیے ۔ “ ابراہیم علیہ السلام نے بھی اپنی قوم سے یہی فرمایا تھا آیت «وَحَاجَّہُ قَوْمُہُ قَالَ أَتُحَاجٰونِّی فِی اللہِ وَقَدْ ہَدَانِ وَلَا أَخَافُ مَا تُشْرِکُونَ بِہِ إِلَّا أَن یَشَاءَ رَبِّی شَیْئًا وَسِعَ رَبِّی کُلَّ شَیْءٍ عِلْمًا أَفَلَا تَتَذَکَّرُونَ» ( 6 ۔ الانعام : 80 ) کیا تم اللہ کے بارے میں مجھ سے اختلاف کرتے ہو ؟ اور جگہ ہے ؟ آیت «اَلَمْ تَرَ اِلَی الَّذِیْ حَاجَّ اِبْرٰھٖمَ فِیْ رَبِّہٖٓ اَنْ اٰتٰیہُ اللّٰہُ الْمُلْکَ» ( 2 ۔ البقرہ : 258 ) تو نے اسے بھی دیکھا جو ابراہیم ( علیہ السلام ) سے اس کے رب کے بارے میں جھگڑنے لگا ۔ پس یہاں ان جھگڑالو لوگوں سے کہا گیا کہ ہمارے اعمال ہمارے لیے اور تمہارے اعمال تمہارے لیے ۔ ہم تم سے الگ ۔ ہم عبادت اور توجہ میں اخلاص اور یکسوئی کرنے والے لوگ ہیں ۔ پھر ان لوگوں کے دعوے کی تردید ہو رہی ہے کہ ابراہیم علیہ السلام نہ تو یہودی ، نہ نصرانی ، تم اے یہودیو اور اے نصرانیو کیوں یہ باتیں بنا رہے ہو ؟ کیا تمہارا علم اللہ سے بھی بڑھ گیا ہے اللہ نے تو صاف فرما دیا آیت «مَا کَانَ اِبْرٰہِیْمُ یَہُوْدِیًّا وَّلَا نَصْرَانِیًّا وَّلٰکِنْ کَانَ حَنِیْفًا مٰسْلِمًا وَمَا کَانَ مِنَ الْمُشْرِکِیْنَ» ( 3 ۔ آل عمران : 67 ) ابراہیم علیہ السلام نہ تو یہودی تھے ، نہ نصرانی ، نہ مشرک ، بلکہ خالص مسلمان تھے ، ان کا حق کی شہادت کو چھپا کر بڑا ظلم کرنا یہ تھا کہ اللہ کی کتاب جو اس کے پاس آئی اس میں انہوں نے پڑھا کہ حقیقی دین اسلام ہے ۔ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے سچے رسول ہیں ۔ ابراہیم ، اسمٰعیل ، اسحاق ، یعقوب علیہم السلام وغیرہ یہودیت اور نصرانیت سے الگ تھے لیکن پھر نہ مانا اور اتنا ہی نہیں بلکہ اس بات کو بھی چھپا دیا ۔