سورة المآئدہ - آیت 38

وَالسَّارِقُ وَالسَّارِقَةُ فَاقْطَعُوا أَيْدِيَهُمَا جَزَاءً بِمَا كَسَبَا نَكَالًا مِّنَ اللَّهِ ۗ وَاللَّهُ عَزِيزٌ حَكِيمٌ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی

اور چور اور چورنی کے ہاتھ (51) کاٹ لو، ان کے كیے کا بدلہ اور اللہ کی طرف سے عذاب کے طور پر، اور اللہ بڑی عزت والا، بڑی حکمت والا ہے

تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح

ف 3 اوپر کی آیت میں محاربین ( جوفساد پھیلاتے ہیں اور لوٹ مار کرتے ہیں) کی سزا تو یہ بیان فرمائی کہ ان کے ہاتھ پاوں کاٹ دیے جائیں اب اس آیت میں چوری کی حد قانونی سزا بیان فرمائی کہ مرد ہو یا عورت ان کے ہاتھ کاٹ دیئے جائیں مگر آیت میں عموم اور اجمال ہے حدیث نے اسکی تشریح کی ہے۔ حدیث میں ہے(‌تُقْطَعُ يَدُ ‌السَّارِقِ فِي رُبُعِ دِينَارٍ فَصَاعِدًا) کہ کم از کم چوتھائی دینار سرقہ ہو تو کلائی کے پاس سے اس کا دہنا ہاتھ کاٹ دیا جائے گا (قرطبی) مسئلہ: اگر کوئی شخص قبر یا مسجد سے چوری کرے تو اس کو بھی یہی سزادی جائے گی جمہور علما کا یہی مذہب ہے اورنَكَٰلٗا مِّنَ ٱللَّهِۗفرما کر اشارہ فرمایا کہ یہ عقوبت اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے علاوہ ازیں مسروقہ مال اس کے مالک کو واپس کرنا پڑیگا (دیکھئے قرطبی)