سورة العنكبوت - آیت 3
وَلَقَدْ فَتَنَّا الَّذِينَ مِن قَبْلِهِمْ ۖ فَلَيَعْلَمَنَّ اللَّهُ الَّذِينَ صَدَقُوا وَلَيَعْلَمَنَّ الْكَاذِبِينَ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
اور ہم نے ان لوگوں کو بھی آزمائش میں ڈالا تھا جوان سے پہلے گذر چکے ہیں، پس اللہ یقینا صادق الایمان لوگوں کو جانے گا اور انہیں بھی جانے گا جو دعوی ایمان میں کاذب ہیں۔
تفسیر اشرف الحواشی - محمد عبدہ الفلاح
7۔ یعنی یہ کوئی نیا معاملہ نہیں ہے جو تمہارے ساتھ پیش آیا ہے بلکہ اللہ تعالیٰ کی یہ مستقل سنت رہی ہے اور پہلے لوگوں کی بھی آزمائشیں ہوتی رہی ہیں۔8۔ لفظی ترجمہ یوں ہے کہ ” اللہ ضرور معلوم کرے گا کہ سچے کون ہیں اور جھوٹے کون؟ لیکن مطلب یہ ہے کہ الگ الگ کر کے دکھلا دے گا کیونکہ اس کو تو سب حال پہلے سے معلوم ہے اور اس کا علم ازلی اور قدیم ہے۔