سورة النمل - آیت 36
فَلَمَّا جَاءَ سُلَيْمَانَ قَالَ أَتُمِدُّونَنِ بِمَالٍ فَمَا آتَانِيَ اللَّهُ خَيْرٌ مِّمَّا آتَاكُم بَلْ أَنتُم بِهَدِيَّتِكُمْ تَفْرَحُونَ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
جب قاصد سلیمان کے پاس پہنچا تو انہوں نے کہا، کیا تم لوگ مجھے مال دینا چاہتے ہو، اللہ نے جو مجھے دیا ہے وہ اس سے بہتر ہے جو اس نے تمہیں دیا ہے، بلکہ تم خود ہی اپنے ہدیہ پر خوش ہوتے رہو۔
تفسیر اشرف الحواشی - محمد عبدہ الفلاح
4۔ یعنی کیا تم یہ چاہتے ہو کہ میں تم سے مال و دولت لے کر خوش ہوجائوں اور تمہیں کفر و شرک پر قائم رہنے دوں؟ 5۔ یعنی یہ تمہارا ہی کام ہے کہ اس قسم کے تحفوں سے خوش ہوجاتے ہو۔ مجھے تو اگر تحفہ چاہئے تو تمہارے ایمان کا تحفہ چاہئے۔ اگر تم یہ نہیں دے سکتے تو لڑنے کو تیار ہوجائو۔