إِنَّ الصَّفَا وَالْمَرْوَةَ مِن شَعَائِرِ اللَّهِ ۖ فَمَنْ حَجَّ الْبَيْتَ أَوِ اعْتَمَرَ فَلَا جُنَاحَ عَلَيْهِ أَن يَطَّوَّفَ بِهِمَا ۚ وَمَن تَطَوَّعَ خَيْرًا فَإِنَّ اللَّهَ شَاكِرٌ عَلِيمٌ
بے شک صفا و مروہ (234) اللہ کے مقرر کردہ نشانات ہیں، اس لئے جو کوئی بیت اللہ کا حج کرے یا عمرہ کرے، اس کے لئے کوئی گناہ کی بات نہیں کہ ان دونوں کے درمیان طواف کرے، اور جو شخص (اپنی خوشی سے) کوئی کار خیر کرے گا تو اللہ اس کا اچھا بدلہ دینے والا اور بڑا جاننے والا ہے
ف 1: صفا اور مروہ مسجد حرام کے قریب دو چھوٹی پہاڑیوں کے نام ہیں۔ ان کے درمیان سعی کرنا حضرت ابراہیم کے زمانہ سے مناسک حج وعمرہ شامل تھا مگر زمانہ جاہلیت میں مشرکین نے حج اور عمرہ کے منا سک میں کئی رسوم شرکیہ شامل کرلی تھیں۔ ان میں سے ایک یہ کہ صفا اور مروہ پر دوبت نصب کر رکھے تھے۔ ایک کا نام’’ اساف ‘‘اور دوسرے کا’’ نائلہ‘‘ تھا جب ان کے درمیان سعی کرتے۔ تو ان بتوں کا استلام بھی کرتے۔ مسلمان ہونے کے بعد ان کے دلوں میں یہ شبہ پیدا ہوا کہ یہ سعی محض جاہلیت کی ایک رسم ہے۔ اسے نہیں کرنا چاہیے اس پر یہ آیت نازل ہوئی۔ سعی کے ضرور ہونے پر تو مسلمان متفق تھے تاہم آیت کے ظاہری الفاظ دیکھ کر بعض لوگوں کے دلوں میں یہ سوال پیدا ہوا کہ سعی نہ بھی کی جائے تو کوئی حرج نہیں ہے چنانچہ حضرت عروہ نے اپنی خالہ حضرت عائشہ (رض) کے سامنے اس شبہ کا اظہار کیا۔ حضرت عائشہ (رض) نے فرمایا کہ اگر آیت کا یہی مفہوم ہوتا تو قرآن میں أَن لايَطَّوَّفَ بِهِمَا ہونا چاہیے تھا، پھر حضرت عائشہ (رض) نے مزید وضاحت کے لیے بیان فرمایا کہ عرب کے بعض قبائل (ازد، غسان) ’’مناة الطاغیہ‘‘ بت کی پوجا کرتے تھے۔ یہ بت انہوں نے مشلل پہاڑی پر نصب کر رکھا تھا یہ لوگ حج کے لیے جاتے تو اس بت کے نام کا تلبیہ کرتے اور اس کا طواف کرتے اور مکہ میں پہنچ کر صفا اور مروہ کے درمیان سعی کو گناہ سمجھتے تھے۔ مسلمان ہونے کے بعد اس بارے میں انہوں نے آنحضرت (ﷺ) سے دریافت كیا اس پر یہ آیت نازل ہوئی۔(بخاری ومسلم)یعنی ان لوگوں نے صفا اور مروه كے درمیان طواف كو گناه خیال كیا تھا اس بنا پر قرآن نے ﴿فَلَا جُنَاحَ﴾ الآیۃ کے الفاظ استعمال کیے ہیں ورنہ جہاں تک نفس سعی کا تعلق ہے اس کے متعلق تو حضرت عائشہ نے فرمایا:کہ یہ سعی آنحضرت(ﷺ)نے مقرر فرمادی ہے۔ اب کسی کو اس کے ترک کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ نیز آنحضرت (ﷺ) نے فرمایا (اِنَّ اللّٰہَ کَتَبَ عَلَیْکُمُ السَّعْیَ اِسْعَوْا ( کہ اللہ تعالیٰ نے سعی فرض کردی ہے۔ لہذا سعی کرو اور آنحضرت (ﷺ) نے حجة الوداع میں فرمایا : (لِتَأْخُذُوا مَنَاسِكَكُمْ) کہ مجھ سے مناسک حج سیکھ لو اور ان میں سعی بھی داخل ہے۔ (ابن کثیر۔ قرطبی )