سورة ھود - آیت 7

وَهُوَ الَّذِي خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ فِي سِتَّةِ أَيَّامٍ وَكَانَ عَرْشُهُ عَلَى الْمَاءِ لِيَبْلُوَكُمْ أَيُّكُمْ أَحْسَنُ عَمَلًا ۗ وَلَئِن قُلْتَ إِنَّكُم مَّبْعُوثُونَ مِن بَعْدِ الْمَوْتِ لَيَقُولَنَّ الَّذِينَ كَفَرُوا إِنْ هَٰذَا إِلَّا سِحْرٌ مُّبِينٌ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور اسی نے آسمانوں اور زمین کو چھ دنوں میں پیدا (٧) کیا ہے، اور اس کے پہلے اس کا عرش پانی پر تھا، تاکہ تمہیں آزما کر دیکھے کہ تم میں عمل کے اعتبار سے کون زیادہ اچھا ہے، اور اگر آپ کہیں گے کہ تم لوگ موت کے بعد دوبارہ اٹھائے (٨) جاؤ گے، تو کافر کہیں گے کہ یہ قرآن کھلا جادو ہے۔

تفسیر اشرف الحواشی - محمد عبدہ الفلاح

ف 3۔ اوپر کی آیت میں اللہ تعالیٰ کے کامل علم کا اثبات تھا اور اس آیت میں کمال درت کا بیان ہے۔ آسمان و زمین کی چھ دنوں میں تخلیق کے بارے میں دیکھئے سورۃ اعراف آیت 45۔ (کبیر)۔ ف 4۔ اس آیت سے ثابت ہوتا ہے کہ آسمان و زمین کی تخلیق سے قبل اللہ تعالیٰ کا عرش پانی پر تھا۔ (ابن کثیر) ابتداء آفرینش کے متعلق مختلف روایات آتی ہیں۔ صحیح اور مشہور روایات میں ہے کہ آنحضرت ﷺ سے سوال کیا گیا ہے کہ پہلے پہل خلق کی ابتدا کیسے ہوئی؟ آپ ﷺ نے فرمایا : کان اللہ قبل کل شئی وکان عرسہ علی الماء وکتب فی اللوح الحفوظ زکر کل شئی کہ ہر چیز سے پہلے اللہ تھا اور اس کا عرش پانی پر تھا۔ اس نے لوح محفوظ میں ہر چیز کا ذکر لکھ دیا۔“ دوسری حدیث میں ہے کہ آسمان و زمین کی آفرینش سے پچاس ہزار سال پہلے اللہ تعالیٰ نے مخلوق کی سب تقدیریں لکھ لی تھیں۔ (صحیح مسلم و بخاری) سنن کی بعض روایات میں ہے این کان ربنا قبل ان یخلق الخلق۔ خلق کی پیدائش سے قبل پروردگار کہاں تھا؟ اس کے جواب میں آنحضرتﷺ نے فرمایا کان فی عمائما تحتہ ھواء وما قوتہ ھوا“۔ مگر امام رازی (رح) لکھتے ہیں کہ یہ حدیث ضعیف ہے اور اس باب میں صرف مشہور حدیث سے ہی استدلال ہوسکتا ہے۔ (کبیر) پانی اور عرش کے بعد ” سب سے پہلے اللہ تعالیٰ نے قلم کو پیدا کیا۔“ یہی صحیح ہے اور ایک روایت میں ہے کہ سب سے پہلے عقل کو پیدا کیا مگر یہ روایت ضعیف ہے۔ صحیح حدیث میں ہے کہ ایک دن آنحضرت ﷺنے ابتدء آفرینش کے متعلق خطبہ دیا جس میں ابتداء عالم سے لے کر قیام قیامت تک کہ تمام چیزیں بیان کردیں۔“ اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ ابتداء آفرینش کے متعلق صحابہ (رض) سے جو آثار مروی ہیں وہ سب کے سب اسرایلیات سے نہیں لئے گئے۔ (احسن الفوائد)۔ ف 5۔ یعنی تم میں سے کون اس کے دئیے ہوئے اختیار اور قوت تمیز سے فائدہ اٹھا کر سیدھی راہ اختیار کرتا ہے اور کون غلط راہ پر چلتا ہے۔ احسن عمل یا عمل صالح وہ ہے جو ” خالص اللہ کے لئے ہو اور شریعت کے مطابق“۔ اگر ان دو شرطوں میں سے کوئی ایک شرط نہ پائی جائے تو وہ عمل باطل اور ضائع ہے۔ (ابن کثیر)۔