سورة النسآء - آیت 138

بَشِّرِ الْمُنَافِقِينَ بِأَنَّ لَهُمْ عَذَابًا أَلِيمًا

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

منافق لوگوں کو آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) یہ مژدہ سنا دیجئے کہ ان کے لیے دردناک عذاب ہے

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

بَشِّرِ الْمُنٰفِقِيْنَ ....: بشارت خوشی کی خبر کو کہتے ہیں، یہاں بطور طنز کہا ہے کہ منافقوں کو عذاب الیم کی خوش خبری دے دو، جو مسلمانوں کے بجائے کافروں کو اس لیے دوست بناتے ہیں کہ اس سے انھیں عزت حاصل ہو گی، اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ عزت کافروں کی دوستی میں نہیں بلکہ وہ تو سب کی سب اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ یہی بات سورۂ فاطر (۱۰) اور سورۂ منافقون(۸) میں بیان فرمائی، بلکہ سورۂ منافقون میں فرمایا : ’’ لیکن منافق نہیں جانتے‘‘ کہ اللہ کے ہاں عزت تو کفر کی وجہ سے گئی اور کفار کے پاس عزت تھی ہی نہیں جو انھیں ملتی، اگر بظاہر کچھ تھی بھی تو ان کے دوغلے پن کی وجہ سے ان کا اعتبار بھی اٹھ گیا۔ [ خَسِرَ الدُّنْیَا وَالْآخِرَۃَ ]