فَإِنَّ مَعَ الْعُسْرِ يُسْرًا
بلاشبہ ہر مشکل کے ساتھ آسانی [٤] ہے
1۔ فَاِنَّ مَعَ الْعُسْرِ يُسْرًا ....: اس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے ساتھیوں کے لیے بشارت ہے کہ مشکلات کے دن تھوڑے ہیں، ہر مشکل کے بعد بلکہ اس کے ساتھ ہی آسانی شروع ہو جاتی ہے۔ ’’ اِنَّ مَعَ الْعُسْرِ يُسْرًا ‘‘ کا یہی مطلب ہے۔ دوسری بشارت یہ ہے کہ ایک ایک مشکل کے ساتھ دو دو آسانیاں ہیں۔ ابن کثیر نے ابن ابی حاتم کے حوالے سے ان کی سند کے ساتھ حسن بصری رحمہ اللہ کا قول نقل کیا ہے، انھوں نے فرمایا : ’’كَانُوْا يَقُوْلُوْنَ لاَ يَغْلِبُ عُسْرٌ وَاحِدٌ يُسْرَيْنِ اثْنَيْنِ‘‘ ’’وہ (صحابہ) کہا کرتے تھے کہ ایک مشکل دو آسانیوں پر غالب نہیں آسکتی۔‘‘ ابن کثیر کے محقق حکمت بن بشیر نے اس کی سند کو حسن کہا ہے۔ ابن کثیر نے اس کی تفصیل یہ بیان فرمائی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے دہرا کر یہ بات فرمائی ہے : ﴿ فَاِنَّ مَعَ الْعُسْرِ يُسْرًا (5) اِنَّ مَعَ الْعُسْرِ يُسْرًا ﴾ اور عربی زبان کا قاعدہ ہے کہ اگر کوئی اسم دوسری دفعہ معرفہ ہو کر آئے تو اس سے مراد پہلا اسم ہی ہوتا ہے اور اگر وہ پہلے نکرہ آئے اور دوبارہ بھی نکرہ ہو کر آئے تو وہ پہلے نکرہ سے الگ ہوتا ہے۔ یہاں دوسری دفعہ ’’ الْعُسْرِ ‘‘ معرفہ آیا ہے جب کہ ’’ يُسْرًا ‘‘ دوسری دفعہ بھی نکرہ ہوکر آیا ہے، تو معنی یہ ہوا کہ’’ اسی پہلی مشکل کے ساتھ ایک اور آسانی ہے۔‘‘ یعنی ایک مشکل کے ساتھ دو آسانیاں ہیں۔ اس قاعدے کی ایک مثال سورۂ مزمل میں ہے، فرمایا : ﴿ اِنَّا اَرْسَلْنَا اِلَيْكُمْ رَسُوْلًا شَاهِدًا عَلَيْكُمْ كَمَا اَرْسَلْنَا اِلٰى فِرْعَوْنَ رَسُوْلًا (15) فَعَصٰى فِرْعَوْنُ الرَّسُوْلَ ﴾ [ المزمل : ۱۵، ۱۶ ] ’’ہم نے تمھاری طرف ایک رسول بھیجا جو تم پر شہادت دینے والا ہے، جس طرح ہم نے فرعون کی طرف ایک رسول بھیجا، تو فرعون نے اس رسول کی نافرمانی کی۔‘‘ پہلے ’’رَسُوْلًا ‘‘ سے مراد ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہیں، دوسرے سے موسیٰ علیہ السلام اور تیسرا ’’ الرَّسُوْلَ ‘‘ معرفہ آیا ہے اور اس سے مراد وہی رسول ہے جو اس سے پہلے مذکور ہے اور وہ موسیٰ علیہ السلام ہیں۔ 2۔ یاد رہے کہ نکرہ کو دوبارہ نکرہ کی صورت میں لانے کا یہ قاعدہ اکثر مفسرین نے بیان کیا ہے، مگر یہ قاعدہ کلیہ نہیں بلکہ مشہور نحوی ابن ہشام نے ’’مغنی اللبیب‘‘ میں اسے خطا قرار دیا ہے، کیونکہ کئی دفعہ ایسا نہیں ہوتا۔ اس لیے ابن عاشور نے ’’التحریر والتنویر‘‘ میں اور زمخشری نے ’’کشاف‘‘ میں حسن بصری اور قتادہ کے اقوال اور بعض مرسل روایات میں آنے والی بات کہ ’’لَنْ يَغْلِبَ عُسْرٌ يُسْرَيْنِ‘‘ (ایک مشکل دو آسانیوں پر ہرگز غالب نہیں آئے گی) کے متعلق فرمایا کہ آیت سے یہ بات اس کے تکرار کی وجہ سے نکلتی ہے، اس قاعدے کی وجہ سے نہیں، پھر دونوں مفسروں نے اپنے اپنے انداز سے اس کی تفصیل بیان فرمائی ہے۔