سورة المزمل - آیت 14

يَوْمَ تَرْجُفُ الْأَرْضُ وَالْجِبَالُ وَكَانَتِ الْجِبَالُ كَثِيبًا مَّهِيلًا

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

جس دن زمین اور پہاڑ لرزنے لگیں گے اور پہاڑ بھربھری ریت کے پھسلتے [١٤] ہوئے تودے بن جائیں گے

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

يَوْمَ تَرْجُفُ الْاَرْضُ....: ’’كَثِيْبًا‘‘ریت کا ٹیلہ۔ ’’مَهِيْلًا‘‘ ( گرایا ہوا) ’’هَالَ يَهِيْلُ هَيْلًا‘‘سے اسم مفعول ہے۔ ’’هَالَ التُّرَابَ أَوِ الرَّمْلَ‘‘ اس نے مٹی یا ریت کو گرایا۔ یعنی وہ عذاب اس دن ہو گا جب سخت زلزلے سے پہاڑ لرز اٹھیں گے، پھر اس زلزلے کی شدت سے ان کی سختی اور ذرات کی باہمی بندش ختم ہو جائے گی اور وہ ٹھوس پہاڑوں کے بجائے ریت کے ٹیلوں کی صورت میں بدل جائیں گے، جو خود بخود اس طرح نیچے گر رہی ہو گی جیسے کوئی اسے گرا رہا ہو۔ قرآن مجید میں دوسرے مقامات پر پہاڑوں پر اس کے بعد گزرنے والی کیفیات بھی ذکر ہوئی ہیں کہ وہ دھنی ہوئی اون کی طرح ہو جائیں گے، پھر بادلوں کی طرح اڑنے لگیں گے، پھر زمین چٹیل میدان بن جائے گی۔ مزید دیکھیے سورۂ نبا (۲۰) کی تفسیر۔