تَبَارَكَ الَّذِي بِيَدِهِ الْمُلْكُ وَهُوَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ
بابرکت [٢] ہے وہ ذات جس کے ہاتھ میں (کائنات کی) سلطنت [٣] ہے اور وہ ہر چیز پر قادر ہے
1۔ تَبٰرَكَ الَّذِيْ بِيَدِهِ الْمُلْكُ : ’’ تَبٰرَكَ ‘‘ ’’بَرَكَةٌ ‘‘ سے باب تفاعل ہے۔ اس میں مبالغہ پایا جاتا ہے، اسی مناسبت سے ترجمہ ’’بہت برکت والا‘‘ کیا گیا ہے۔ ’’بَرَكَةٌ‘‘ کے معنی ہیں زیادہ ہونا، بڑھا ہونا۔ ’’ تَبٰرَكَ ‘‘ یعنی وہ خیر اور بھلائی میں ساری کائنات سے بے انتہا بڑھا ہوا ہے اور بلندی، بڑائی اور احسان، غرض ہر لحاظ سے اس کی ذات بے حدوحساب خوبیوں اور بھلائیوں کی جامع ہے ۔ مزید دیکھیے سورۂ فرقان کی پہلی آیت کی تفسیر۔ 2۔ ’’ بِيَدِهِ ‘‘ پہلے لانے سے کلام میں حصر پیدا ہو گیا، اس لیے ترجمہ’’صرف اس کے ہاتھ میں ہے‘‘ کیا گیا ہے۔ 3۔ یہاں ایک سوال پیدا ہوتا ہے کہ دنیا میں بادشاہ تو بہت ہیں، پھر اللہ تعالیٰ نے یہ کیسے فرما دیا کہ تمام بادشاہی صرف اس کے ہاتھ میں ہے؟ جواب یہ ہے کہ دنیا کا سارا نظام ایک دوسرے کی محتاجی پر چل رہا ہے، رعایا اپنی ضروریات مثلاً جان و مال، عزت و آبرو اور دین و ایمان کی حفاظت کے لیے بادشاہ کی محتاج ہے اور بادشاہ اپنے کام چلانے کے لیے رعایا کا محتاج ہے، اگر وہ اس کا ساتھ نہ دیں اور اسے ٹیکس نہ دیں تو وہ ایک لمحہ کے لیے بادشاہ نہیں رہ سکتا۔ سورۂ زخرف میں یہی نکتہ بیان کیا گیا ہے، فرمایا : ﴿ لِيَتَّخِذَ بَعْضُهُمْ بَعْضًا سُخْرِيًّا﴾ [ الزخرف : ۳۲ ] ’’تاکہ ان کا بعض بعض کو تابع بنالے۔‘‘ ایک شاعر نے دنیوی بادشاہوں کی محتاجی کا کیا خوب نقشہ کھینچا ہے: مانگنے والا گدا ہے، صدقہ مانگے یا خراج کوئی مانے یا نہ مانے میر و سلطان سب گدا اس کے علاوہ دنیا میں کوئی بادشاہ ہے یا محکوم، ایک دوسرے کے محتاج ہونے کے باوجود دونوں میں سے کسی کے بھی ہاتھ میں فی الحقیقت کچھ بھی نہیں۔ ان کی اپنی دولت و فقر، صحت و بیماری، عزت و ذلت، فتح و شکست، جوانی و بڑھاپا، نفع و نقصان اور موت و حیات، غرض سب کچھ اللہ مالک الملک کے ہاتھ میں ہے، تو پھر یہ کہنے میں کیا مبالغہ ہے کہ تمام بادشاہی صرف اللہ کے ہاتھ میں ہے؟ دوسرا کوئی بادشاہ ہے بھی تو نام کا ہے۔ حقیقت میں بادشاہ ایک ہی ہے، باقی سب گدا ہیں، جیسا کہ فرمایا : ﴿ يٰاَيُّهَا النَّاسُ اَنْتُمُ الْفُقَرَآءُ اِلَى اللّٰهِ﴾ [فاطر : ۱۵ ] ’’اے لوگو! تم ہی اللہ کی طرف محتاج ہو۔‘‘ 4۔ وَ هُوَ عَلٰى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيْرٌ: ’’ شَيْءٍ ‘‘ ’’شَاءَ يَشَاءُ‘‘ کا مصدر بمعنی اسم مفعول ہے، چاہت۔ یعنی وہ اپنی ہر چاہت اور ہر چیز پر قادر ہے، جو چاہے کر سکتا ہے۔ دنیا کے بادشاہوں کی طرح نہیں کہ جن کی بے شمار چاہتیں پوری ہونے کے بجائے حسرتیں بن کر ان کے ساتھ ہی قبر میں دفن ہو جاتی ہیں۔