سورة آل عمران - آیت 59

إِنَّ مَثَلَ عِيسَىٰ عِندَ اللَّهِ كَمَثَلِ آدَمَ ۖ خَلَقَهُ مِن تُرَابٍ ثُمَّ قَالَ لَهُ كُن فَيَكُونُ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

بلاشبہ اللہ کے ہاں عیسیٰ کی مثال [٥٥] آدم جیسی ہے جسے اللہ نے مٹی سے پیدا کیا پھر اسے حکم دیا کہ ''ہوجا'' تو وہ ہوگیا

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

اِنَّ مَثَلَ عِيْسٰى....: یہ سورت شروع سے لے کر یہاں تک (یعنی پہلی آیت سے ۵۹ تک) وفد نجران کے بارے میں نازل ہوئی ہے۔ اس وفد نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بحث کے دوران عیسیٰ علیہ السلام کی ’’بُنُوَّة ‘‘ (اللہ کا بیٹا ہونے) پر اس سے استدلال کیا کہ وہ بغیر باپ کے پیدا ہوئے ہیں، اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے تردید فرمائی کہ اگر بغیر باپ کے پیدا ہونا اللہ کا بیٹا ہونے کی دلیل ہو سکتا ہے تو آدم علیہ السلام جو ماں باپ دونوں کے بغیر پیدا ہوئے وہ بالاولیٰ اللہ کا بیٹا کہلانے کے حق دار ہیں، مگر یہ عقیدہ بالکل باطل ہے۔ اصل میں اللہ تعالیٰ نے آدم علیہ السلام کی طرح مسیح علیہ السلام کو بھی’’ كُنْ ‘‘سے پیدا کرکے اپنی قدرتِ کاملہ کو ظاہر فرمایا ہے۔ (ابن کثیر) 2۔ ”مِنْ تُرَابٍ“ میں تنوین تقلیل یا تحقیر کے لیے ہے، اس لیے ترجمہ کیا ہے ’’تھوڑی سی مٹی۔ ‘‘