سورة البقرة - آیت 271

إِن تُبْدُوا الصَّدَقَاتِ فَنِعِمَّا هِيَ ۖ وَإِن تُخْفُوهَا وَتُؤْتُوهَا الْفُقَرَاءَ فَهُوَ خَيْرٌ لَّكُمْ ۚ وَيُكَفِّرُ عَنكُم مِّن سَيِّئَاتِكُمْ ۗ وَاللَّهُ بِمَا تَعْمَلُونَ خَبِيرٌ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

اگر تم اپنے صدقات کو ظاہر کرو تو بھی اچھا ہے لیکن اگر خفیہ طور [٣٨٧] پر فقرا کو دو تو یہ تمہارے لیے زیادہ بہتر ہے (ایسے صدقات تم سے) تمہاری بہت سی برائیوں کو دور کردیں گے اور جو عمل تم کرتے ہو اللہ ان سے پوری طرح باخبر ہے

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

اِنْ تُبْدُوا الصَّدَقٰتِ:”صَدَقَةٌ“ کا لفظ ”صِدْقٌ“ سے نکلا ہے، یعنی وہ مال جو آدمی صدقِ دل سے خرچ کرتا ہے، عموماً یہ لفظ نفل صدقے پر بولا جاتا ہے لیکن بعض اوقات فرض صدقے پر بھی بولا جاتا ہے، جیسا کہ فرمایا:﴿اِنَّمَا الصَّدَقٰتُ لِلْفُقَرَآءِ....﴾ [التوبۃ:۶۰ ] ’’صدقات تو صرف فقیروں اور مسکینوں اور ان پر مقرر عاملوں کے لیے ہیں اور ان کے لیے جن کے دلوں میں الفت ڈالنی مقصود ہے اور گردنیں چھڑانے میں اور تاوان بھرنے والوں میں اور اللہ کے راستے میں اور مسافروں میں (خرچ کرنے کے لیے ہیں)۔‘‘ فَنِعِمَّا هِيَ:یہ اصل میں ”نِعْمَ مَا“ ہے جس میں ”مَا“ بمعنی ”شَيْءٌ“ ہے، اس لیے ترجمہ کیا گیا ہے ’’تو یہ اچھی بات ہے‘‘ اس میں علانیہ صدقہ کی تعریف کی گئی ہے، بشرطیکہ خالص نیت سے ہو اور ریا سے خالی ہو، کیونکہ اس سے آدمی بخل اور حقوق ادا نہ کرنے کی تہمت سے بچتا ہے اور اس سے دوسرے اہل خیر کو صدقہ کرنے کی ترغیب ہوتی ہے، جیسا کہ جنگ تبوک کے موقع پر عمر رضی اللہ عنہ نے اپنا آدھا مال اور ابوبکر رضی اللہ عنہ نے اپنا سارا مال لا کر پیش کر دیا، اسی طرح دوسرے صحابہ نے بڑھ چڑھ کر صدقہ کیا۔ وَ اِنْ تُخْفُوْهَا:یعنی صدقہ علانیہ دینا بھی گو اچھا ہے مگر پوشیدہ طور پر دینا زیادہ فضیلت رکھتا ہے، کیونکہ یہ ریا سے بعید ہوتا ہے۔ جمہور مفسرین کے نزدیک اس سے نفل صدقات مراد ہیں۔ (شوکانی) اس کے برعکس فرض زکوٰۃ کو پوشیدہ طور پر دینا جائز ہے، مگر اسے لوگوں کے سامنے دینا افضل ہے، ورنہ زکوٰۃ نہ دینے کی تہمت لگے گی، جب کہ نماز اور زکوٰۃ ایمان کے بنیادی ارکان ہیں۔ نیز طبری نے اس پر امت کا اجماع نقل کیا ہے۔ ( فتح الباری:۶؍ ۲۲) متعدد احادیث میں نفل صدقات کو پوشیدہ طور پر دینے کی فضیلت آئی ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سات آدمیوں میں، جنھیں اللہ تعالیٰ کا سایہ نصیب ہو گا، ایک وہ شخص شمار کیا جس نے دائیں ہاتھ سے صدقہ کیا اور اسے چھپا کر کیا، حتیٰ کہ بائیں ہاتھ کو معلوم نہیں کہ دائیں نے کیا خرچ کیا۔ [بخاری، الزکاۃ، باب الصدقۃ بالیمین:۱۴۲۳، عن أبی ہریرۃ رضی اللّٰہ عنہ] اس شخص کے واقعہ سے بھی خفیہ صدقے کی فضیلت اور برکت معلوم ہوتی ہے جس نے ایک رات خفیہ صدقہ ایک چور، ایک رات ایک زانیہ اور ایک رات ایک غنی کو دے دیا۔ [بخاری، الزکوٰۃ، باب إذا تصدق علی:۱۴۲۱، عن أبی ہریرۃ رضی اللّٰہ عنہ ] وَ تُؤْتُوْهَا الْفُقَرَآءَ:چھپا کر فقراء کو دینے میں ان کی پردہ پوشی ہوتی ہے اوران کی عزت نفس مجروح نہیں ہوتی۔ مِنْ سَيِّاٰتِكُمْ:”مِنْ“ تبعیض کے لیے ہے، اس لیے ترجمہ ’’کچھ گناہ‘‘ کیا ہے، یعنی کم یا زیادہ جتنا مال خرچ کرے گا اس کے لحاظ سے گناہ معاف ہوں گے۔ علاوہ ازیں کچھ گناہ ایسے ہیں جو مال خرچ کرنے سے معاف نہیں ہوتے، بلکہ ان کے لیے توبہ ضروری ہے۔