سورة الاعراف - آیت 47

وَإِذَا صُرِفَتْ أَبْصَارُهُمْ تِلْقَاءَ أَصْحَابِ النَّارِ قَالُوا رَبَّنَا لَا تَجْعَلْنَا مَعَ الْقَوْمِ الظَّالِمِينَ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

اور جب ان کی نگاہیں [٤٨] اہل دوزخ کی طرف پھیری جائیں گی تو کہیں گے: ’’پروردگار! ہمیں ظالم لوگوں میں شامل نہ کرنا‘‘

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

وَ اِذَا صُرِفَتْ اَبْصَارُهُمْ: ’’صُرِفَتْ ‘‘ مجہول کا صیغہ ہے جس میں اس طرف اشارہ ہے کہ اعراف والے جنتیوں کی طرف تو شوق اور رغبت سے دیکھیں گے اور انھیں سلام کریں گے، مگر جہنمیوں کی طرف خود نگاہ اٹھانا بھی پسند نہیں کریں گے، بلکہ ان کی نگاہیں ان کی طرف پھیری جائیں گی تاکہ انھیں عافیت کی قدر معلوم ہو۔ (المنار) مَعَ الْقَوْمِ الظّٰلِمِيْنَ: یعنی جہاں وہ اب ہیں یا آئندہ ہوں گے۔