سورة الانعام - آیت 100

وَجَعَلُوا لِلَّهِ شُرَكَاءَ الْجِنَّ وَخَلَقَهُمْ ۖ وَخَرَقُوا لَهُ بَنِينَ وَبَنَاتٍ بِغَيْرِ عِلْمٍ ۚ سُبْحَانَهُ وَتَعَالَىٰ عَمَّا يَصِفُونَ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

ان لوگوں نے جنوں کو اللہ کا شریک بنا دیا [١٠٣] حالانکہ اللہ نے ہی انہیں پیدا کیا ہے۔ پھر بغیر علم کے اللہ کے لیے بیٹے اور بیٹیاں گھڑ ڈالے۔ جو کچھ یہ لوگ بیان کرتے ہیں اللہ اس سے پاک اور بہت بلند ہے

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(96) جب عالم علوی اور سفلی سے اللہ تعالیٰ کی عظیم قدرت و حکمت پر دلائل پیش کردیئے گئے اور اس کی دی ہوئی انواع و اقسام کی نعمتوں کا ذکر ہوچکا اور یہ ثابت کردیا گیا کہ عبادت کا مستحق صرف اسی کی ذات ہے، تو اب مشر کین کی زجرو توبیخ اور ان کے شرکیہ اعمال کی تر دید کی جا رہی ہے،، چونکہ مشرکین نے بتوں کی پرستش جنوں کے حکم سے کی اس لیے انہوں نے گویا جنوں کی عبادت کی، حالانکہ جب اللہ کے علاوہ کوئی خالق نہیں، تو بلاشبہ وہی بلاشرکت غیرے ہر قسم کی عبادت کا مستحق ہے، آیت میں ان لوگوں کی گمراہی بیان کی گئی ہے، جو اللہ کے بارے میں افتراپردازی کرکے کسی کو اللہ کا بیٹا یا بیٹی بتاتے تھے، جیسا کہ یہود عزیر (علیہ السلام) کو اور نصاری عیسیٰ (علیہ السلام) کو اللہ کا بیٹا سمجھتے تھے، اور مشر کین عرب فرشتوں کے بارے میں اعتقاد رکھتے تھے کہ وہ اللہ کی بیٹاں ہیں، اللہ تعالیٰ اس قسم کے تمام حادث و ناقص صفات سے یکسر پاک ہے۔