قُلْ يَا أَهْلَ الْكِتَابِ لَسْتُمْ عَلَىٰ شَيْءٍ حَتَّىٰ تُقِيمُوا التَّوْرَاةَ وَالْإِنجِيلَ وَمَا أُنزِلَ إِلَيْكُم مِّن رَّبِّكُمْ ۗ وَلَيَزِيدَنَّ كَثِيرًا مِّنْهُم مَّا أُنزِلَ إِلَيْكَ مِن رَّبِّكَ طُغْيَانًا وَكُفْرًا ۖ فَلَا تَأْسَ عَلَى الْقَوْمِ الْكَافِرِينَ
آپ ان سے کہئے :''اے اہل کتاب! جب تک تم تورات، انجیل اور جو کچھ تمہارے پروردگار کی طرف سے تم پر نازل کیا گیا ہے اس کی پابندی نہ کرو گے تو تم دین کی کسی اصل پر نہیں ہو۔ اور جو کچھ آپ کی طرف نازل [١١٤] کیا گیا ہے وہ تو ان میں سے اکثر کو سرکشی اور کفر [١١٥] میں ہی بڑھائے گا۔ لہٰذا آپ ان کافروں پر غمزدہ نہ ہوں
95۔ علمائے تفسیر نے ابن عباس (رض) سے روایت کی ہے کہ کچھ یہود رسول اللہ (ﷺ) کے پاس آئے اور کہا کہ کیا تم اس بات کا اقرار نہیں کرتے کہ تورات اللہ کی کتاب ہے؟ آپ نے کہا کہ ہاں تو انہوں نے کہا کہ ہم اس پر ایمان لاتے ہیں، اور اس کے علاوہ کا انکار کرتے ہیں، تو یہ آیت نازل ہوئی کہ اے میرے رسول (ﷺ) ! آپ کہہ دیجئے کہ اے اہل کتاب ! تم کسی دین پر بھی نہیں ہو جب تک تم تورات و انجیل میں موجود اللہ کے اوامر و نواہی پر عمل نہ کرو، جن میں یہ حکم سر فہرست ہے کہ تم لوگ نبی کریم (ﷺ) کی اتباع کرو گے، اور قرآن پر بھی عمل کرو گے۔ یہ مضمون پہلے بھی گذر چکا ہے مزید تاکید کے لیے یہاں اسے دہرایا گیا ہے، اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے کبر و عناد میں ان کی زیادتی، اور بلیغ دعوت سے ان کا عدم استفادہ بیان کیا ہے کہ جوں جوں قرآن کریم آپ پر اترتا جائے گا، ان کا کفر و عناد بڑھتا جائے گا آیت 64 میں بھی یہ بات گذر چکی ہے کہ مؤمنین تو قرآن کریم سے ایمان، عمل صالح اور علم نافع حاصل کرتے ہیں، اور کافر جو مسلمانوں سے حسد کرتے ہیں کفر و طغیان میں بڑھتے جاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے سورۃ بنی اسرائیل کی آیت 82 میں فرمایا ہےİوَنُنَزِّلُ مِنَ الْقُرْآنِ مَا هُوَ شِفاءٌ وَرَحْمَةٌ لِلْمُؤْمِنِينَ وَلا يَزِيدُ الظَّالِمِينَ إِلاَّ خَساراًĬ ۔ کہ یہ قرآن جو ہم نازل کر رہے ہیں، مؤمنوں کے لیے تو سراسر شفا اور رحمت ہے، ہاں ظالموں کو بجز نقصان کے کوئی فائدہ نہیں پہنچاتا۔