سورة المآئدہ - آیت 19

يَا أَهْلَ الْكِتَابِ قَدْ جَاءَكُمْ رَسُولُنَا يُبَيِّنُ لَكُمْ عَلَىٰ فَتْرَةٍ مِّنَ الرُّسُلِ أَن تَقُولُوا مَا جَاءَنَا مِن بَشِيرٍ وَلَا نَذِيرٍ ۖ فَقَدْ جَاءَكُم بَشِيرٌ وَنَذِيرٌ ۗ وَاللَّهُ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

اے اہل کتاب! تمہارے پاس ہمارا رسول اس وقت آیا اور احکام کو واضح طور پر بیان کر رہا ہے جبکہ رسولوں کی آمد کا سلسلہ [٥٠] بند ہوچکا تھا۔ تاکہ تم یہ نہ کہہ سکو کہ ہمارے پاس تو کوئی خوشخبری سنانے والا اور ڈرانے والا آیا ہی نہ تھا۔ لو اب تمہارے پاس بشارت دینے والا اور ڈرانے والا آچکا ہے، اور اللہ ہر چیز پر قادر ہے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

39۔ اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے اہل کتاب پر ایک نئی حجت قائم کی ہے، اور انہیں خبر دی ہے کہ ان کے پاس اللہ کےرسول محمد ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) رسولوں کا سلسلہ ایک مدت تک منقطع ہونے کے بعد آچکے ہیں (اس لیے کہ عیسیٰ (علیہ السلام) کے آسمان پر اٹھائے جانے کے تقریبا پانچ سو ستر سال کے بعد نبی کریم ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) مبعوث ہوئے) تاکہ تم اپنے کفر و شرک اور شر و فساد کے لیے عذر لنگ پیش کرتے ہوئے یہ نہ کہہ سکو کہ ہمارے پاس تو کوئی نبی آیا ہی نہیں، تو تمہارے اتمام حجت کے لیے نبی کریم ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) آگئے ہیں، اب ان پر ایمان لے آؤ اور ان کی اتباع کرو تاکہ نجات حاصل کرو، ورنہ عذاب آخرت تمہارا انتظار کر رہا ہے، اس لیے کہ اللہ ہر چیز پر قادر ہے تو وہ تمہیں دوبارہ زندہ کرنے اور عذاب دینے پر یقینا قادر ہے۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے کتاب الانبیاء میں ابوہریرہ (رض) سے روایت کی ہے کہ رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) نے فرمایا : میں ابن مریم کا زیادہ حقدار ہوں اس لیے کہ میرے اور ان کے درمیان کوئی نبی نہیں۔