سورة الشرح - آیت 1
أَلَمْ نَشْرَحْ لَكَ صَدْرَكَ
ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب
کیا ہم نے آپ کے لیے آپ کا سینہ نہیں کھول [١] دیا ؟
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(1) سورۃ الضحی میں اللہ تعالیٰ نے نبی کریم (ﷺ) پر اپنے تین احسانات کا ذکر فرمایا تھا اس سورت میں تین دوسری نعمتوں کا ذکر کر کے آپ پر احسان جتایا ہے ۔ فرمایا کہ کیا ہم نے آپ کا سینہ کھول نہیں دیا ہے اور اس میں وسعت نہیں پیدا کردی ہے، تاکہ آپ وحی الٰہی کو بآسانی قبول کریں، اخلاق حسنہ کو اپنائیں، اور دعوت اسلامیہ کی راہ میں آپ کو جو تکلیف پہنچے اسے برداشت کریں اور نبوت کی عظیم ذمہ داریوں کا بار اٹھائیں۔ جیسا کہ سورۃ الزمر آیت (22) میں آیا ہے : ﴿أَفَمَن شَرَحَ اللَّهُ صَدْرَهُ لِلْإِسْلَامِ فَهُوَ عَلَىٰ نُورٍ مِّن رَّبِّهِ Ĭ ” کیا جس کا سینہ اللہ نے اسلام کے لئے کھول دیا ہے، پس وہ اپنے رب کی طرف سے روشنی میں ہے (اس جیسا ہوسکتا ہے جس کا دل تنگ ہو۔ “ )