سورة الإنسان - آیت 28
نَّحْنُ خَلَقْنَاهُمْ وَشَدَدْنَا أَسْرَهُمْ ۖ وَإِذَا شِئْنَا بَدَّلْنَا أَمْثَالَهُمْ تَبْدِيلًا
ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی
ہم نے ہی انہیں پیدا کیا اور ان کے جوڑ بند مضبوط کیے اور جب ہم چاہیں ایسے ہی اور لوگ [٣١] (ان کی جگہ) لے آئیں۔
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
(28) اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ انہیں ہم نے پیدا کیا ہے اور ان جسموں میں اعصاب، رگیں، ریشے اور ہڈیاں پیدا کر کے انہیں مضبوط بنایا ہے اور جب ہم نے انہیں پہلی بار ایسا بنایا ہے تو یقیناً ہم انہیں دوبارہ پیدا کرنے پر قادر ہیں، تاکہ ان کے اعمال کا انہیں بدلہ دیں اور ہم جب چاہیں اس پر بھی قادر ہیں کہ انہیں ہلاک کردیں اور ان کی جگہ انہی جیسی دوسری قوم کو لے آئیں، یا ان کی صورتوں کو مسخ کر کے انہیں غایت درجہ بد شکل بنا دیں۔