بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
شروع اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے
سورۃ الدھر مدنی ہے، اس میں اکتیس آیتیں اور دو رکوع ہیں تفسیر سورۃ الدھر نام : پہلی آیت میں ہی لفظ ” الدھر“ آیا ہے، یہی اس کا نام رکھ دیا گیا ہے۔ اس کا دوسرا نام ” سورۃ الانسان“ ہے اور اسے ” سورۃ الامشاج“ اور سورۃ ” ھل اتی“ بھی کہتے ہیں۔ زمانہ نزول : جمہور علماء کے نزدیک یہ سورت مدنی ہے اور ابن النحاس نے ابن عباس (رض) سے اور ابن مردویہ نے عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما سے روایت کی ہے کہ یہ سورت مکہ میں نازل ہوئی تھی۔ تیسرا قول یہ ہے کہ ابتدائے سورت سے آیت (22) تک مدنی ہے اور اس کے بعد سے آخر سورت تک مکی ہے۔ امام مسلم نے ابن عباس (رض) سے روایت کی ہے کہ رسول اللہ (ﷺ) جمعہ کے دن صبح کی نماز میں ” الم سجدہ“ اور ﴿هَلْ أَتَىٰ عَلَى الْإِنسَانِ Ĭ پڑھتے تھے۔