إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ الَّذِينَ يُقَاتِلُونَ فِي سَبِيلِهِ صَفًّا كَأَنَّهُم بُنْيَانٌ مَّرْصُوصٌ
اللہ یقیناً ان لوگوں کو پسند [٣] کرتا ہے جو اس کی راہ میں صف بستہ ہو کر لڑتے ہیں جیسے کہ وہ ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔
(4) اوپر ابن عباس (رض) کی روایت گذر چکی ہے، کچھ مسلمانوں نے خواہش کی کہ اگر ہمیں معلوم ہوجاتا کہ اللہ تعالیٰ کو کون سا عمل سب سے زیادہ پسند ہے، تو ہم اسے کرتے۔ اس وقت یہ آیت نازل ہوئی۔ قاشانی نے لکھا ہے، آدمی اللہ کی راہ میں اسی وقت جان دیتا ہے جب اس کے دل میں اللہ کی خالص محبت بیٹھ گئی ہو اور اس کی محبت ہر چیز کی محبت پر غالب آگئی ہوجیسا کہ اللہ نے سورۃ البقرہ آیت (165) میں فرمایا ہے : ” اہل ایمان اللہ سے سب سے زیادہ محبت کرتے ہیں“ اور جب بندہ اللہ کی محبت میں اس مقام پر پہنچ جاتا ہے تو وہ بھی اس سے محبت کرنے لگتا ہے۔ سورۃ المائدۃ آیت (53) میں آیا ہے : ” اللہ ان سے محبت کرتا ہے، اور وہ لوگ اللہ سے محبت کرتے ہیں“ اسی لئے اللہ کے نزدیک محبوب ترعمل اس کی راہ میں جہاد کرنا ہے۔