سَبَّحَ لِلَّهِ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْضِ ۖ وَهُوَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ
آسمانوں اور زمین میں جو مخلوقات ہے اللہ کی تسبیح [١] کر رہی ہے اور وہ غالب ہے، دانا ہے
(1) بعینہ یہی آیت سورۃ الحشر کی پہلی آیت ہے اور سورۃ الحدید کی بھی پہلی آیت یہی ہے، صرف اس میں İ وَمَا فِي الْأَرْضِ Ĭ کے بجائے İ وَ الْأَرْضِ Ĭ ہے۔ دونوں سورتوں کی اس پہلی آیت کی تفسیر بیان کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ آسمانوں اور زمین میں جتنے حیوانات، نباتات اور جمادات ہیں، سب اپنے رب کی پاکی اور بڑائی بیان کرتے ہیں کوئی اپنی زبان سے تسبیح پڑھتا ہے جیسے فرشتے اور جن و انس، اور کسی کی ہئیت و حالت سے آشکار ہوتا ہے کہ اس کا خلاق تمام عیوب و نقائص سے پاک ہے، جیسے آسمان و زمین، درخت، نباتات اور پہاڑ وغیرہ ۔زجاج کہتے ہیں کہ نباتات و جمادات بھی زبان قال سے ہی تسبیح پڑھتے ہیں لیکن ہم اسے سمجھ نہیں پاتے ہیں۔ آیت کے آخر میں اللہ کی دو صفات : İالْعَزِيزُ الْحَكِيمُ Ĭ کا ذکر آیا ہے، جن کا مفہوم یہ ہے کہ وہ بڑا ہی قوی ہے جو آسمانوں اور زمین کی ہر چیز پر غالب ہے اور اس نے تمام موجودات کو اپنی جانی بوجھی حکمت کے مطابق منظم و مرتب کیا ہے، جس سے کوئی بھی چیز سرمو انحراف نہیں کرسکتی ہے۔ شوکانی لکھتے ہیں کہ İسَبَّحَ Ĭ کا لفظ کئی سورتوں کی ابتدا میں آیا ہے کہیں ماضی کا صیغہ آیا ہے اور کہیں مضارع کا اور کہیں امر کا صیغہ آیا ہے اور اس سے مقصود بندوں کو یہ تعلیم دینا ہے کہ اللہ کی پاکی اور بڑائی ہر حال میں بیان کرنی ہے۔